راہل گاندھی نے دستورِ ہند کے ’پاکیٹ ایڈیشن‘ کو کر دیا مشہور، 3 ماہ میں فروخت ہوئی 5000 کاپی
دستورِ ہند کے کوٹ پاکیٹ ایڈیشن کے پبلشر نے دعویٰ کیا ہے کہ محض تین ماہ میں اس کی تقریباً 5000 کاپیاں فروخت ہو گئی ہیں اور یہ 2023 میں پورے سال فروخت ہوئی کاپی کے برابر ہے۔
دستورِ ہند ملک کی ہر عوام کے لیے ایک پاکیزہ کتاب ہے۔ لوک سبھا انتخاب 2024 میں انڈیا بلاک کے لیڈران، خصوصاً راہل گاندھی نے اسی دستورِ ہند یعنی ہندوستانی آئین کی حفاظت کا عزم ظاہر کیا تھا اور نتیجہ کار عوام نے کانگریس کی قیادت میں ایک مضبوط اپوزیشن کو لوک سبھا بھیجا ہے۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ راہل گاندھی پوری انتخابی تشہیر کے دوران اور پھر لوک سبھا میں حلف برداری کے وقت دستورِ ہند کے جس ’کوٹ پاکیٹ ایڈیشن‘ کو ہمیشہ اپنے پاس رکھے نظر آئے، اس کی فروخت اچانک بڑھ گئی ہے۔ جی ہاں، راہل گاندھی نے دستورِ ہند کے پاکیٹ ایڈیشن کو انتہائی مشہور کر دیا ہے اور اب اس کی ریکارڈ سطح پر خریداری ہو رہی ہے۔
ہم دستورِ ہند کے جس کوٹ پاکیٹ ایڈیشن کی بات کر رہے ہیں، اس کی اشاعت ایسٹرن بُک کمپنی یعنی ای بی سی کرتی ہے۔ اس پبلشر کا دعویٰ ہے کہ محض تین مہینے میں ہی دستورِ ہند کے پاکیٹ ایڈیشن کی ہزاروں کاپی فروخت ہو چکی ہیں۔ انگریزی روزنامہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دستورِ ہند کا یہ کوٹ پاکیٹ ایڈیشن ایک علامت بن گیا ہے اور اس کی مقبولیت اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ گزشتہ تین ماہ میں 5000 کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ دستورِ ہند کا کوٹ پاکیٹ ایڈیشن پہلی مرتبہ 2009 میں ای بی سی کے ذریعہ پرنٹ کیا گیا تھا۔ تب سے اس کے 16 ایڈیشن منظر عام پر آ چکے ہیں۔ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ای بی سی کے پبلشر سُمت ملک کے مطابق انھوں نے گزشتہ تین ماہ میں کتاب کی 5000 کاپیاں فروخت کی ہیں، جو کہ 2023 میں پورے سال فروخت کاپیوں کی تعداد کے برابر ہے۔ پبلشر کا کہنا ہے کہ دستورِ ہند کے کوٹ پاکیٹ ایڈیشن کی طلب بہت بڑھ گئی ہے۔ جیسے ہی تازہ اسٹاک آتا ہے، ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو جاتا ہے۔
ایک دیگر انگریزی روزنامہ میں بھی اس تعلق سے رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اٹھارہویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس کے لیے کانگریس نے دستورِ ہند کے کوٹ پاکیٹ ایڈیشن سے بھرے 4 باکس خریدے تھے۔ سُمت ملک کا میڈیا میں ایک بیان یہ بھی سامنے آیا ہے کہ انھوں نے اس دستورِ ہند کی ایک کاپی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی بطور تحفہ پیش کی تھی۔
دستورِ ہند کے اس کوٹ پاکیٹ ایڈیشن کی قیمت سے متعلق بات کریں تو یہ 895 روپے ہے۔ اس ایڈیشن میں 624 صفحات ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس پاکیٹ ایڈیشن کی اشاعت کے حقوق ای بی سی کے پاس ہی ہیں۔ اگر آپ اس کاپی کو آن لائن خریدتے ہیں تو ای بی سی کے ویب اسٹور پر جا کر خرید سکتے ہیں، جہاں 10 فیصد کی چھوٹ بھی مل رہی ہے۔ یعنی اس کتاب کا تازہ ایڈیشن آپ کو 806 روپے میں دستیاب ہو سکتا ہے۔ جیسا کہ ای بی سی نے دعویٰ کیا ہے، 3 ماہ میں اگر اس ایڈیشن کی 5000 کاپی فروخت ہوئی ہے تو تقریباً 44 لاکھ روپے کی آمدنی پبلشر کو ہو چکی ہے اور یہ ایک بہت بڑی بات ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دستورِ ہند کے اس کوٹ پاکیٹ ایڈیشن میں سابق اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے ایک تمہید لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ کتاب سائز میں بھلے ہی چھوٹی ہے، لیکن انسانی ابعاد میں بہت بڑی ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہمارے آئین کے نظریات کو سمجھنے کے لیے بھلے ہی کوئی وکیل نہ بھی ہو، اسے ضرور رکھنا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔