پورا سسٹم اس کوشش میں لگا ہے کہ بندہ باہر نہ آ جائے، یہ قانون نہیں آمریت و ایمرجنسی ہے: سنیتا کیجریوال

عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ آج جب وزیر اعلیٰ کیجریوال کوضمانت ملنے کی پوری امید تھی تو بوکھلاہٹ میں بی جے پی نے فرضی کیس کے ذریعے سی بی آئی سے کیجریوال کو گرفتار کروا دیا۔

<div class="paragraphs"><p>سنیتا کیجریوال / آئی اے این ایس</p></div>

سنیتا کیجریوال / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو سی بی آئی نے شراب گھوٹالہ معاملے میں گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں تہاڑ جیل سے دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ پیشی کے لیے لے جایا گیا تھا۔ سی بی آئی کے ذریعے کیجریوال کی گرفتاری پر ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال و عام آدمی پارٹی کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ سنیتا کیجریوال نے اسے آمریت و ایمرجنسی قرار دیا ہے جبکہ عام آدمی پارٹی نے اسے بی جے پی کی بوکھلاہٹ بتایا ہے۔

اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد سنیتا کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی ہے۔ اس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’20 جون کو اروند کیجریوال کو ضمانت ملی۔ ای ڈی نے فوراً اسٹے لگوایا۔ اگلے ہی دن سی بی آئی نے ملزم بنا دیا اور آج گرفتار کر لیا۔ پورا سسٹم اس کوشش میں لگا ہے کہ بندہ جیل سے باہر نہ آ جائے۔ یہ قانون نہیں ہے۔ یہ آمریت ہے، ایمرجنسی ہے۔‘‘

دوسری جانب عام آدمی پارٹی نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے بی جے پی کا خوف قرار دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے مسلسل کئی پوسٹ کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سی بی آئی جھوٹ بول رہی ہے۔ کچھ پوسٹ میں سی بی آئی کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

کیجریوال کی گرفتاری کے فوری بعد کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’آج جب وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ضمانت ملنے کی پوری امید تھی تو بوکھلاہٹ میں بی جے پی نے فرضی کیس کے ذریعے سی  بی آئی سے کیجریوال کو گرفتار کروا دیا۔ سی بی آئی، کیجریوال کو راؤز ایونیو کورٹ لے کر پہنچی جہاں ان کا بلڈ شوگر لیول بہت نیچے گر گیا۔ تاناشاہ (ڈکٹیٹر، آمر)، تم کتنے بھی ظلم ڈھا لو، کیجریوال نہ ہی جھکے گا اور نہ ہی ٹوٹے گا۔‘‘


واضح رہے کہ عدالت میں پیش کرنے کے بعد سی بی آئی نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت کے سامنے کیجریوال نے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کے سابق نائب منیش سسودیا اور عام آدمی پارٹی دونوں بے قصور ہیں۔ کیجریوال نے عدالت سے کہا کہ میڈیا میں سی بی آئی ذرائع کے حوالے سے یہ دکھایا جا رہا ہے کہ میں نے ایک بیان میں سارا الزام منیش سسودیا پر ڈال دیا ہے۔ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے کہ سسودیا قصوروار ہیں یا کوئی اور قصوروار ہے۔ میں نے کہا ہے کہ سسودیا بے قصور ہیں، عام آدمی پارٹی بے قصور ہے، میں بے قصور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان (سی بی آئی) کا سارا منصوبہ میڈیا کے سامنے ہمیں بدنام کرنا ہے۔ براہ کرم ریکارڈ کریں کہ یہ تمام چیزیں سی بی آئی ذرائع کے ذریعے میڈیا میں پھیلائی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔