’میں آپ کا ہوں اور آپ کے لیے ہی ہوں‘، لوک سبھا میں حزب اختلاف کا لیڈر بننے پر راہل گاندھی نے جاری کیا ویڈیو پیغام

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اپوزیشن کا لیڈر صرف ایک عہدہ نہیں ہے، یہ آپ کی آواز بن کر آپ کے مفادات اور حقوق کی جنگ لڑنے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد بنائے گئے ہیں، اور اس سلسلے میں لوک سبھا سکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ اب راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر انڈیا بلاک کے سبھی ساتھیوں کو اپنے اوپر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا ہے کہ حزب اختلاف کے لیڈر کا عہدہ کس قدر اہمیت کا حامل ہے۔

اس ویڈیو پیغام کو راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا ہے جس میں وہ خلوص دل سے سبھی خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ملک کی عوام، کانگریس کارکنان اور انڈیا (بلاک) کے ساتھیوں کا مجھ پر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے دل سے شکریہ۔‘‘ پھر وہ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں ’’اپوزیشن کا لیڈر صرف ایک عہدہ نہیں ہے۔ یہ آپ کی آواز بن کر آپ کے مفادات اور حقوق کی جنگ لڑنے کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘


اپنے ویڈیو پیغام میں راہل گاندھی سبھی طبقہ کے حقوق کی حفاظت کرنے کا عزم بھی ظاہر کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ہمارا آئین غریبوں، محروموں، اقلیتوں، کسانوں، مزدوروں کا سب سے بڑا ہتھیار ہے اور ہم اس پر کیے گئے ہر حملے کا پوری طاقت سے جواب دے کر اس کی حفاظت کریں گے۔‘‘ پیغام کے آخر میں راہل گاندھی واضح لفظوں میں کہتے ہیں ’’میں آپ کا ہوں اور آپ کے لیے ہی ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کو حزب اختلاف کا لیڈر بنانے کا فیصلہ منگل کے روز ہی انڈیا بلاک کی میٹنگ میں کر لیا گیا تھا۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے اس تعلق سے 25 جون کو ہی لوک سبھا کے پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب کو خط لکھ کر مطلع بھی کیا تھا۔ آج لوک سبھا کے نومنتخب اسپیکر اوم برلا نے راہل گاندھی کو اپوزیشن لیڈر بنائے جانے سے متعلق باضابطہ منظوری دے دی۔


راہل گاندھی کے حزب اختلاف لیڈر بنائے جانے پر بڑی تعداد میں انھیں مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ مشہور اداکار کمل ہاسن، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، این سی پی-ایس پی چیف شرد پوار، شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سمیت کئی سیاستدانوں نے بذریعہ ’ایکس‘ راہل گاندھی کو حزب اختلاف لیڈر کا عہدہ ملنے پر نیک خواہشات پیش کی ہیں، اور راہل گاندھی نے ان سبھی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔