این ڈی اے کی سابق حلیف شرومنی اکالی دل میں زبردست تنازعہ، بی جے پی پر پارٹی کو توڑنے کا الزام

لوک سبھا انتخابات میں شرومنی اکالی دل کی شکست کے بعد پارٹی لیڈروں کے ایک گروپ نے سکھبیر سنگھ بادل کے خلاف بغاوت کر دی ہے۔ پرمجیت سنگھ سرنا نے اسے بی جے پی کی سازش قرار دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پرمجیت سنگھ سرنا / ویڈیو گریب</p></div>

پرمجیت سنگھ سرنا / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج اور این ڈی اے کی حکومت سازی کے بعد بی جے پی کا آپریشن لوٹس ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے۔ اس بار آپریشن لوٹس کا یہ دعویٰ کسی اپوزیشن پارٹی نے نہیں بلکہ بی جے پی کی پرانی سابق حلیف شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے لیڈروں نے کیا ہے۔ ایس اے ڈی کے دہلی صدر پرمجیت سنگھ سرنا نے بدھ (26 جون) کو بی جے پی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی آپریشن لوٹس کے ذریعے علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے پرمجیت سنگھ سرنا نے کہا ہے کہ میں نے تحریری بیان دیا ہے اور بی جے پی میرے خلاف جو چاہے کارروائی کر سکتی ہے۔ اگر بی جے پی کو لگتا ہے کہ یہ الزام جھوٹا ہے تو میں انہیں بحث کے لیے بلاتا ہوں اور میں ثابت کروں گا کہ یہ آپریشن لوٹس ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی تمام علاقائی جماعتوں کو کمزور اور ختم کرنا چاہتی ہے مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔


دراصل یہ پورا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب منگل کو ایس اے ڈی کے سینئر لیڈروں کے ایک حصے نے پارٹی سربراہ سکھبیر سنگھ بادل کے خلاف ناراضگی ظاہر کی اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد انہیں پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ یہ تنازعہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب ایک گروپ نے بادل کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے میٹنگ کی جبکہ دوسرے گروپ نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ باغی لیڈروں پرمیندر سنگھ ڈھنڈسا اور بی بی جاگیر کور سمیت دیگر سینئر لیڈروں نے قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے سکھبیر سنگھ بادل کے خلاف بغاوت شروع کر دی۔

جبکہ دوسری جانب شرومنی اکالی دل کی رکن پارلیمنٹ اور پارٹی سربراہ سکھبیر بادل کی اہلیہ ہرسمرت کور بادل نے کہا ہے کہ پورا شرومنی اکالی دل متحد ہے اور سکھبیر بادل کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے کچھ کٹھ پتلی لوگ پارٹی کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ وہی کرنا چاہتے ہیں جو انہوں نے مہاراشٹر میں کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرومنی اکالی دل متحد ہے اور وہ ناکام ہونے جا رہے ہیں۔ ہرسمرت کور نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے 117 لیڈروں میں سے صرف 5 لیڈر سکھبیر سنگھ بادل کے خلاف ہیں، یعنی 112 لیڈر پارٹی اور سکھبیر سنگھ بادل کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔