مانسون اجلاس: حکومت کی 6 نئے بل لانے کی تیاری، جانیں تفصیلات

مانسون اجلاس سے پہلے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمانی ایجنڈا طے کرنے کے لیے بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) بھی تشکیل دی ہے۔ اس میں کئی پارٹیوں کے لیڈروں کو جگہ دی گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

لوک سبھا، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اگلے ہفتے شروع ہونے جا رہے مانسون اجلاس کے دوران حکومت کی طرف سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ میں ترمیم کے بل سمیت چھ نئے بل پیش کئے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق فنانس بل کے علاوہ، حکومت نے شہری ہوابازی کے شعبے میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ائیرکرافٹ ایکٹ 1934 کی جگہ انڈین ایئر کرافٹ بل 2024 کو بھی فہرست بند کیا ہے۔

بلوں کی فہرست جمعرات کی شام لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ پارلیمنٹ بلیٹن میں شائع کی گئی۔ مانسون اجلاس 22 جولائی سے شروع ہوگا اور 12 اگست تک جاری رہے گا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن 23 جولائی کو مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ سیشن کے دوران پیش کئے جانے اور منظوری کے لئے فہرست بند دیگر بلوں میں آزادی سے پہلے کی قانون سازی کی جگہ بوائلر بل، کافی (پروموشن اینڈ ڈیولپمنٹ) بل اور ربڑ (پروموشن اینڈ ڈیولپمنٹ) بل شامل ہیں۔


لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمانی ایجنڈا طے کرنے کے لیے بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) بھی تشکیل دی ہے۔ صدر کی قیادت والی کمیٹی میں سدیپ بندوپادھیائے (ترنمول کانگریس)، پی پی چودھری (بی جے پی)، لوو سری کرشنا دیورایالو (ٹی ڈی پی)، نشی کانت دوبے (بی جے پی)، گورو گوگوئی (کانگریس)، سنجے جیسوال (بی جے پی)، دلیشور کامت (جے ڈی یو)، بھرتری ہری مہتاب (بی جے پی)، دیاندھی مارن (ڈی ایم کے)، بائجینت پانڈا (بی جے پی)، اروند ساونت (شیو سینا-یو بی ٹی)، کے سریش (کانگریس)، انوراگ ٹھاکر (بی جے پی) اور لال جی ورما (ایس پی) شامل ہیں۔

حکومت نے آئندہ پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل اتوار 21 جولائی کو کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر اس میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اپوزیشن اپنے مطالبات بھی حکومت کے سامنے رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔