ٹرین پٹری سے اتر رہی ہے، وزیر کب عہدے سے اتریں گے:سنجے سنگھ

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے گونڈا ٹرین حادثہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی کو کمزور پٹریوں پر تیز رفتار ٹرینیں چلا کر تعریفیں لوٹنا بند کرنا چاہئے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے اتر پردیش کے گونڈا میں ہوئے ٹرین حادثے کو لے کر مرکزی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارتی ریلوے پٹڑی سے اتر رہی ہے، وزیر کب عہدہ سے اتریں  گے۔ وہ ریلوے کے وزیر اشونی وشنو کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے ٹرین حادثے کو لے کر وزیر اعظم  نریندر مودی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

عام آدمی پارٹی  کے رکن پارلیمنٹ  سنجے سنگھ نے کہا ’’مودی کو کمزور پٹریوں پر تیز رفتار ٹرینیں چلا کر تعریفیں لوٹنا بند کرنا چاہیے۔ ملک بھر میں درجنوں ریل حادثات ہوئے، جن میں سینکڑوں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ہندوستانی ریلوے پٹڑی سے اتر رہی ہے، وزیر کب عہدہ سے اتریں  گے؟


انہوں نے مزید لکھا، "مرحومین کے تئیں گہری تعزیت کے ساتھ، میں دعا کرتا ہوں کہ خدا ان کے اہل خانہ کو اس بے پناہ تکلیف کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘ جمعرات یعنی 18 جولائی کو چنڈی گڑھ سے ڈبرو گڑھ جانے والی ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس حادثے میں کم از کم 4 لوگوں کی موت کی خبر ہے  جب کہ 20 لوگ زخمی بتائے جا رہے  ہیں۔

یوپی کے  نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک نے حادثے میں 4 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ جبکہ ریاستی ریلیف کمشنر جی ایس نوین کمار نے 2 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں 20 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ راحت اور بچاؤ کا کام مسلسل جاری ہے۔


اس واقعے کے سلسلے میں ہیلپ لائن نمبر 8957400965 اور 8957409292 جاری کیے گئے ہیں۔ معلومات کے مطابق یہ حادثہ موتی گنج اور جھلاہی ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا۔ ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ٹرین حادثے کی وجہ سے کئی ٹرینوں کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔