مدھیہ پردیش میں اب ریاستی حکومت کی اجازت کے بغیر سی بی آئی کی نہیں ہوگی انٹری، نوٹیفکیشن جاری

محکمہ داخلہ کے افسروں نے جانکاری دی ہے کہ یہ نظام پہلے سے نافذ تھا، لیکن اب بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) نافذ ہوا ہے جس وجہ سے نوٹیفکیشن جاری کرنا ضروری تھا۔

سی بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
سی بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں اب سی بی آئی بغیر ریاستی حکومت کی اجازت کے داخل نہیں ہو سکے گی۔ یعنی کسی معاملے میں جانچ کے لیے مدھیہ پردیش میں داخل ہونے سے پہلے سی بی آئی کو حکومت سے تحریری شکل میں اجازت لینی ہوگی۔ یہ انتظام یکم جولائی 2024 سے نافذ تصور کیا جائے گا، حالانکہ حکومت نے 16 جولائی کو اس تعلق سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

اس تعلق سے محکمہ داخلہ کے افسروں کا کہنا ہے کہ یہ انتظام پہلے سے نافذ تھا، لیکن ابھی ’بھارتیہ نیائے سنہیتا‘ (بی این ایس) نافذ ہوا ہے جس کی وجہ سے نوٹیفکیشن جاری کرنا ضروری تھا۔ ورنہ عدالت میں چل رہے زیر سماعت مقدمات متاثر ہو سکتے تھے۔ مدھیہ پردیش حکومت نے جاری حکم میں کہا ہے کہ کسی بھی شخص، سرکاری افسر یا ریاست میں آنے والے ادارہ کی جانچ کرنی ہے تو سی بی آئی کو مدھیہ پردیش حکومت سے تحریری منظوری لینی ہوگی۔


قابل ذکر ہے کہ کئی غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں پہلے سے ہی اس طرح کا نظام قائم ہے۔ اب بی جے پی حکمراں ریاست مدھیہ پردیش بھی ان ریاستوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ ابھی تک جن ریاستوں میں یہ اصول نافذ ہے ان میں مغربی بنگال، تمل ناڈو، پنجاب، کیرالہ اور تلنگانہ شامل ہیں۔ جہاں تک دہلی کا معاملہ ہے، اسپیشل پولیس اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کی دفعہ 6 کے مطابق سی بی آئی کو اپنے حلقہ اختیار میں جانچ کرنے کے لیے ریاستی حکومت سے اجازت لینی ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔