نیٹ یوجی پیپر لیک معاملے میں سی بی آئی کی بڑی کارروائی، کلیدی ملزم سمیت ایم بی بی ایس کے دو طالب علم گرفتار

گرفتار ہونے والے یہ لوگ بھرت پور میڈیکل کالج کے طالب علم ہیں۔ یہ دونوں طالب علم سالور کے طور پر کام کرتے تھے۔ ان دونوں کی شناخت کمار منگلم بشنوئی اور دیپندر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سی بی آئی / آئی اے این ایس</p></div>

سی بی آئی / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نیٹ یوجی پیپر لیک معاملے کی جانچ کر رہی سی بی آئی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کلیدی ملزم سمیت ایم بی بی ایس کے دو طالب علموں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گرفتاریاں سنیچر (20 جولائی) کو ہوئی ہیں۔ گرفتار ہونے والے یہ لوگ راجستھان کے بھرت پور میڈیکل کالج کے طالب علم ہیں۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ایم بی بی ایس کے دونوں طالب علم سالور کے طور پر کام کرتے تھے۔ ان دونوں کی شناخت کمار منگلم بشنوئی اور دیپندر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔

سی بی آئی افسران  کے مطابق تکنیکی نگرانی نے نیٹ یوجی امتحان کے دن ہزاری باغ میں ایم بی بی ایس کے دوسرے سال کے طالب علم منگلم بشنوئی اور سال اول کے میڈیکل کے طالب علم دیپندر کمار شرما کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ دونوں مبینہ طور پر پنکج کمار نامی انجینئر کی جانب سے چوری شدہ پیپر حل کرنے کا کام کر رہے تھے، جسے پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔


نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جمشید پور (جھارکھنڈ) کے 2017 بیچ کے سول انجینئر پنکج کمار عرف آدتیہ نے مبینہ طور پر ہزاری باغ میں این ٹی اے کے ٹرنک سے نیٹ یوجی پیپر چوری کیا تھا۔ این آئی ٹی جمشید پور سے بی ٹیک (الیکٹریکل) پاس آؤٹ ششی کانت پاسوان عرف ششی عرف پاسو اس معاملے میں کمار اور راکی ​​کے ساتھ ملک کر کام کر رہا تھا۔ ان لوگوں کو بھی پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

اس سے قبل جمعہ (19 جولائی) کو سی بی آئی نے راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آر آئی ایم ایس) رانچی کی ایم بی بی ایس کے پہلے سال کی ایک طالبہ سوربھی کماری کو مبینہ طور پر سولور ماڈیول کا حصہ ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ حکام نے بتایا ہے کہ سی بی آئی کی طرف سے دو دن کی تفصیلی تفتیش کے بعد سوربھی کماری کو حراست میں لیا گیا تھا۔


واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پیپر لیک سمیت میڈیکل کے داخلہ امتحان کے انعقاد میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کئی درخواستوں کی سماعت جاری ہے۔ نیٹ یو جی کا انعقاد این ٹی اے کے ذریعے سرکاری اور نجی اداروں میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، آیوش اور دیگر متعلقہ کورسز میں داخلے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس سال یہ امتحان 5 مئی کو 571 شہروں کے 4750 امتحانی مراکز پر منعقد کیا گیا جس میں 14 غیر ملکی شہر بھی شامل تھے۔ اس امتحان میں 23 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے شرکت کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔