کانگریس ممبئی اور مہاراشٹر کو گجرات کو بیچنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کرے گی:نانا پٹولے

نانا پٹولے نے کہا کہ دھاراوی بازآبادکاری پروجیکٹ کا ٹینڈر دبئی کی ایک کمپنی کو دیا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے منسوخ کر کے اڈانی کو دے دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

ریاست کی مہایوتی حکومت نے دھاراوی کی پوری زمین اڈانی کو دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد اب وہ ورلی میں کروڑوں روپے کی دودھ ڈیری کی زمین اپنے کاروباری دوست کو دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ممبئی میں زمین کے تمام حقوق اڈانی کو دینے کی ہدایات مرکز کی نریندر مودی حکومت کے ذریعہ ریاستی حکومت کو آتی ہیں اور بدعنوان مہایوتی حکومت اس پر عمل کرتی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس ممبئی کے ساتھ-ساتھ مہاراشٹر کو گجرات کو بیچنے کی کسی بھی کوشش کو کبھی برداشت نہیں کرے گی۔

اڈانی معاملے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے دھاراوی پروجیکٹ پر اپنی پوزیشن پہلے ہی واضح کر دی ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے بھی اس معاملے پر اپنا موقف ظاہر کیا ہے لیکن بی جے پی حکومت نے منصوبہ بند طریقے سے ممبئی کے تمام اہم پروجیکٹ اڈانی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دھاراوی بازآبادکاری پروجیکٹ کا ٹینڈر دبئی کی ایک کمپنی کو دیا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے منسوخ کر کے اڈانی کو دے دیا گیا۔ ریاست کی مہایوتی حکومت صرف گجرات کے کہنے پر کام کر رہی ہے۔ لیکن کانگریس بی جے پی کی قیادت والی شندے حکومت کے ذریعہ ممبئی و مہاراشٹر کو گجرات کو بیچنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ مہایوتی حکومت کے اس رویہ کو لے کر ریاست کے لوگوں میں کافی ناراضگی ہے۔


نانا پٹولے نے کہا کہ مہایوتی حکومت نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے ’شیر کے ناخن‘کو لندن سے واپس لانے کا پروگرام بڑے دھوم دھام سے منعقد کیا لیکن یہ ’شیر کے ناخن‘ مہاراج کا نہیں ہے۔ تاریخ دان اندرجیت ساونت نے لندن میوزیم کو ایک خط بھیجا اور میوزیم نے اس کی وضاحت کی ہے۔ اس کے باوجود مہایوتی حکومت نے عوام کا پیسہ خرچ کرکے جشن منایا۔ جنہوں نے سال 2017 میں بحیرہ عرب میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی یادگار بنانے اور پانی کی پوجا کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کی یادگار ابھی تک مکمل نہیں ہوئی۔ پٹولے نے کہا کہ شیواجی مہاراج کی توہین کرنے میں یہ لوگ سب سے آگے رہے ہیں۔ نریندر مودی کے سر پر چھترپتی کا اعزازی خطاب رکھ کر ان لوگوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ نریندر مودی شیواجی مہاراج سے برتر ہیں۔ دنیا میں کئی بادشاہ ہوئے لیکن چھترپتی کا خطاب صرف شیواجی مہاراج کے پاس ہے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ انتخابات سے پہلے بدعنوان مہایوتی حکومت چھترپتی کے نام پر نقلی شیر کے پنجے دکھانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

پٹولے نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے پہلے مہایوتی حکومت نے ’لاڈلی بہین یوجنا‘ شروع کی ہے۔ 10 سال سے مہنگائی بڑھانے کے بعد اب خواتین کو ماہانہ صرف 1500 روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دراصل مہایوتی حکومت نام بدل کر کانگریس پارٹی کی اسکیم کو لاگو کرنے جارہی ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ سنجے گاندھی نرادھار یوجنا، راجیو گاندھی جن آروگیہ یوجنا جیسی متعدد اسکیمیں کانگریس حکومت کے ذریعہ چلائی گئی ہیں اور اس کے فوائد لوگوں کو ملے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔