کھڑگے، راہل اور پرینکا نے وائناڈ میں مٹی کے تودے گرنے سے جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے کیرالہ کے وائناڈ میں بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے سے جانی نقصان پر دکھ ظاہر کیا ہے
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے کیرالہ کے وائناڈ میں بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے سے جانی نقصان پر دکھ ظاہر کیا ہے۔ خیال رہے کہ وائناڈ میں نصف شب سے صبح تک لینڈ سلائڈنگ کے کئی واقعات پیش آئے جن میں آخری اطلاع موصول ہونے تک 54 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ اموات کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے کیونکہ سینکڑوں افراد ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔
ملکارجن کھڑگے نے حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’میں وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے بہت دکھی ہوں، جہاں بہت سے لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ میں ریاستی اور مرکزی حکومتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لائیں اور تمام ایجنسیوں کے ساتھ تال میل قائم کر کے متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کریں۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا، ’’میں وائناڈ میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ سے بہت دکھی ہوں۔ میری تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ جو لوگ ابھی تک پھنسے ہوئے ہیں انہیں جلد بحفاظت نکال لیا جائے گا۔ میں نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ اور وائناڈ کے ضلع کلکٹر سے بات کی ہے، جنہوں نے مجھے یقین دلایا ہے کہ بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔ میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کو یقینی بنائیں، ایک کنٹرول روم قائم کریں اور امدادی سرگرمیوں کے لیے درکار کسی بھی مدد کے بارے میں ہمیں مطلع کریں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ میں مرکزی وزراء سے بات کروں گا اور ان سے وائناڈ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی درخواست کروں گا۔ میں تمام کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں انتظامیہ کی مدد کریں۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، “میں وائناڈ میں میپڈی کے قریب بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی سے بہت افسردہ ہوں۔ میری تعزیت اور دعائیں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں امید اور دعا کرتی ہوں کہ سب کو جلد از جلد بحفاظت نکال لیا جائے۔ میں حکومت سے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لانے کے لیے فوری کارروائی کرنے کی درخواست کرتی ہوں۔‘‘
رپورٹ کے مطابق لینڈ سلائڈنگ کا واقعہ نصب شب کے بعد تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ جس کے بعد صبح تقریباً 4.10 بجے ایک اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ جس کے باعث 100 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن آگے بڑھنے سے ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بحریہ کی مدد طلب کر لی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بحریہ کی ریور کراسنگ ٹیم سے مدد مانگ لی ہے۔ ایزیمالا نیول اکیڈمی سے بحریہ کی ٹیم فوری طور پر وائناڈ کے لیے روانہ ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔