سائبر پولیس کے نام سے فرضی ای میل بھیج کر ٹھگی کرنے کا معاملہ، دو ملزمان گرفتار

مہاراشٹر کے ناگپور میں ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا گیا ہے جو بینکوں کو سائبر پولیس کے نام سے فرضی ای میل بھیجتا تھا اور بینک کھاتوں کو بند یا چالو کروا کر لوگوں کو ٹھگی کا شکار بناتا تھا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ناگپور: مہاراشٹر کے ناگپور میں ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا گیا ہے جو بینکوں کو سائبر پولیس کے نام سے فرضی ای میل بھیجتا تھا اور بینک کھاتوں کو بند یا چالو کروا کر لوگوں کو ٹھگی کا شکار بناتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ناگپور کی سائبر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی ٹھگی کرنے کے معاملہ میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

یہ شاطر مجرم سائبر سیل کے نام پر بینکوں میں فرضی ای میل آئی ڈی بھیج کر مخصوص کھاتوں کو بند کرواتے تھے اور انہیں بحال کرنے کے نام پر لوگوں سے بھتہ خوری کرتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ٹھگ خود کو ممبئی سائبر کرائم آفیسر بتاتے تھے اور ٹھگی کی رقم اپنے کھاتے میں جمع کرواتے تھے، ایک دن بینک منیجر کو شک ہوا اور اس نے ناگپور سائبر پولیس سے رابطہ کیا۔


ڈی سی پی نتن گوئل نے اس معاملے کی معلومات میڈیا کے ساتھ شیئر کی۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں آئی سی آئی سی آئی بینک سے ایک کال موصول ہوئی تھی، جس میں بینک منیجر نے بتایا کہ انہیں ناگپور پولیس کے حوالے سے ایک ای میل موصول ہوئی ہے۔ اس میل کے ذریعے کچھ بینک اکاؤنٹس کو بند کرنے اور کچھ کو دوبارہ کھولنے کے لیے کہا گیا تھا۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا، ’’بینک کو یہ ای میل آئی ڈی مشکوک معلوم ہوئی اور اس نے ناگپور سائبر پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ ہم نے فوراً کارروائی کی اور ای میل آئی ڈیز کی چھان بین شروع کی اور پتہ چلا کہ ممبئی کے دو افراد اس معاملے میں ملوث ہیں۔ ہم نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمان نے 6 بینکوں کے 176 اکاؤنٹس کو بند کرنے اور کھولنے کے لیے میل بھیجے تھے۔‘‘


ڈی سی پی نتن گوئل نے مزید کہا کہ ملزمان کا مقصد پولیس کا حوالہ دے کر بینک اکاؤنٹ میں جعلسازی کرنا تھا۔ ان کا منصوبہ یہ تھا کہ کھاتہ بند کرنے اور کھولنے کے نام پر لاکھوں روپے بھتہ وصول کیا جائے۔ تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ڈی سی پی نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں تاکہ اس طرح کی ٹھگی کا شکار نہ بنیں۔ کسی بھی مشکوک صورتحال میں ہیلپ لائن نمبر 1930 پر کال کریں اور سائبر سیل پولیس سے مدد لیں۔ انہوں نے کہا، ’’متاثرہ شخص جتنی جلدی دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائے گا، ہم اتنی ہی تیزی سے اس پر کارروائی کر سکیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔