سلیم-جاوید پر مبنی دستاویزی سیریز 'اینگری ینگ مین' کا ٹریلر جاری، 20 اگست کو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی

سلیم-جاوید پر مبنی دستاویزی سیریز 'اینگری ینگ مین' 20 اگست کو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔ اس سیریز کو سلمان خان فلمز، ایکسل میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ، اور ٹائیگر بے بی نے پروڈیوس کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>سلیم-جاوید کی معروف اسکرپٹ رائٹر جوڑی، ساتھ میں سلمان خان اور فرحان اختر / Getty Images</p></div>

سلیم-جاوید کی معروف اسکرپٹ رائٹر جوڑی، ساتھ میں سلمان خان اور فرحان اختر / Getty Images

user

یو این آئی

ممبئی: بالی ووڈ کے سب سے مشہور اسکرپٹ رائٹرز سلیم خان اور جاوید اختر پر مبنی دستاویزی سیریز 'اینگری ینگ مین' کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ 'اینگری ینگ مین' کو سلمان خان فلمز، ایکسل میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ اور ٹائیگر بے بی نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔

اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر میں سلمیٰ خان، سلمان خان، رتیش سدھوانی، فرحان اختر، زویا اختر اور ریما کاگتی جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ اس سیریز کی ہدایت کاری نمرتا راؤ نے کی ہے۔ تین ایپی سوڈ کی یہ سیریز 20 اگست کو ایمیزون پرائم ویڈیو پر جاری کی جائے گی۔

ٹریلر لانچ کے موقع پر سلیم- جاوید، سلمان خان، فرحان اختر، زویا اختر موجود تھے۔ ڈاکیومنٹری کے ٹریلر میں امیتابھ بچن، جیا بچن، شتروگھن سنہا، سلمان خان، فرحان اختر، ہریتک روشن، عامر خان، شبانہ اعظمی، کرن جوہر سمیت کئی ستارے نظر آرہے ہیں۔

جاوید اختر نے اعلان کیا کہ وہ چار دہائیوں بعد ایک بار پھر سے سلیم خان کے ساتھ کام کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم دوبارہ ایک اسکرپٹ لکھنے جا رہے ہیں۔ میں نے سلیم جی سے اس بارے میں بات کی ہے، ایک پکچر ہم اور لکھ دیں۔ اُس زمانے میں بھی ہماری قیمت زیادہ تھی، اس زمانے میں تو بہت ہی زیادہ ہوگی۔‘‘


انہوں نے کہا، ’’جب میں نوجوانی کی عمر میں اس شہر میں آیا تھا تب میرے پاس نہ تو کوئی نوکری تھی، نہ ہی کوئی رابطہ تھا اور نہ ہی پیسے تھے۔ میں اکثر خالی پیٹ سو جایا کرتا تھا۔ اس کے باوجود میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ میں ہمیشہ یہی سوچتا تھا کہ میں اپنی زندگی کی کہانی دنیا کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں اور دیکھئے آج اس ڈاکیومنٹری سیریز میں ہماری کہانی دکھائی جا رہی ہے۔ میں ان کی محبت کے لیے سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

سلیم خان نے کہا کہ ’’میں نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور اداکار کیا لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ میری اصل طاقت کہانی سنانے میں ہے۔ چنانچہ میں نے لکھنے پر توجہ دینا شروع کر دی۔ اس کے بعد میری ملاقات جاوید سے ہوئی جسے لکھنے کا اتنا ہی شوق تھا جتنا مجھے تھا۔ ہم نے مل کر کچھ عمدہ کہانیاں لکھیں، جن پر مجھے اب بھی فخر ہے۔ یہ بہت اچھا ہے کہ ہماری کہانی آنے والی نسلوں کے لیے ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ لوگوں کو اپنی بہترین کوشش کرنے کی ترغیب دے گا۔‘‘

سلمان نے کہا کہ جب سے ہوش سنبھالا ہے تب سے صرف سلیم جاوید کو ہی جانا۔ یہ دونوں آج تک کے سب سے مہنگے رائٹرز ہیں اور اب بھی ہیں۔ یہ تو اچھا ہوا کہ ان دونوں نے اداکاری نہیں کی، ورنہ سوچیں کہ جب یہ خود کے لئے لکھتے تو کیا ہوتا۔

فرحان اختر نے کہا کہ اس دستاویزی فلم کا نام 'اینگری ینگ مین' بالکل درست ہے کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات، اپنی شناخت اور اپنی آواز کو ان کرداروں میں اتارا ہے جنہیں ہم سب وجے کے نام سے جانتے ہیں۔ ان تمام کرداروں نے ہم پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔