لالو یادو نے یو پی اے دور میں کئے گئے کاموں کو لے کر نتیش کمار پر کیا طنز، ’ہم پرچار نہیں کام کرتے تھے!‘

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر یو پی اے کے دور حکومت میں ریاست میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پرچار نہیں بلکہ زمین پر کام کرتے تھے‘

<div class="paragraphs"><p>لالو یادو / آئی اے این ایس</p></div>

لالو یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو یادو نے بدھ کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر یو پی اے کے دور حکومت میں ریاست میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پرچار نہیں بلکہ زمین پر کام کرتے تھے۔‘

سابق ریلوے کے وزیر لالو یادو نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یو پی اے کی پہلی مدت کے دوران دوسری سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے ہم نے وزیر اعظم منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی کے تعاون سے 2004 سے 2009 کے درمیان ترقیاتی کاموں کے لیے بہار کو ایک لاکھ 44 کروڑ روپے کی خصوصی مالی امداد دلوائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مرکز سے ملنے والے تعاون کی وجہ سے بہار میں دیہی سڑکوں، پلوں، بجلی، ریلوے لائنوں، منریگا کے تحت روزگار، ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے کارخانوں کا جال بچھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، نتیش کمار نے یو پی اے کے دور میں ہماری طرف سے دی گئی حمایت سے اپنا چہرہ چمکایا کیونکہ ہم نے پرچار نہیں کیا بلکہ زمینی کام کیا۔


انہوں نے سوالیہ لہجے میں مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بتائیں این ڈی اے کے 10 سالوں میں بہار کو خالی اعلانات کے علاوہ کیا ملا؟ 22 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ہم نے 2004 اور 2009 کے درمیان 5 سالوں میں بہار کو ایک لاکھ 44 ہزار کروڑ روپے دلوائے۔ لیکن یہ تو 2014 میں 31، 2019 اور 2024 میں 39 ارکان پارلیمنٹ ہونے کے باوجود مدد کی بھیک مانگتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں کچھ نہیں ملتا۔ راجدھانی میں حق مانگنا نہیں چھیننا پڑتا ہے!

آر جے ڈی لیڈر لالو یادو نے سارن کے دریا پور میں واقع ریل وہیل پلانٹ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سارن کے دریا پور میں واقع ریل وہیل پلانٹ میں ریکارڈ دو لاکھ سے زیادہ ریل وہیل تیار کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کا سنگ بنیاد 29 جولائی 2008 کو اس وقت رکھا تھا جب ہم ریلوے کے وزیر تھے۔ پلانٹ کی تعمیر پر تقریباً 1640 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ بہار میں ریل کے پہیوں کی تیاری ہندوستانی ریلوے کے لیے ایک اعزاز ثابت ہوئی۔ اب 'میڈ ان بہار' ریل کے پہیے ہندوستانی ریلوے کی رفتار میں ریکارڈ بنا کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔