راہل گاندھی کا پارلیمانی تقریر کے دوران مرکزی حکومت پر شدید حملہ، اسپیکر سے تحفظ مانگتے نظر آئے وزیر داخلہ امت شاہ!

اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران مرکزی حکومت پر کچھ یوں حملہ کیا کہ وزیر داخلہ امت شاہ اسپیکر سے تحفظ مانگتے ہوئے نظر آئے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / سنسد ٹی وی</p></div>

راہل گاندھی / سنسد ٹی وی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راہل گاندھی نے پیر (یکم جولائی) کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر پارلیمنٹ میں اپنی پہلی تقریر کی، جس میں انہوں نے مودی حکومت کی پالیسیوں، اگنی ویر، کسان، خواتین و نوجوانوں کے مسائل وغیرہ کے حوالہ سے خوب حملے کئے۔ دریں اثنا، راہل گاندھی کی تقریر کے درمیان ہی وزیر اعظم مودی سمیت بی جے پی کے کئی اہم لیڈروں نے احتجاج کیا مگر راہل گاندھی اپنے حملے جاری رکھے۔

پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کی تقریر کی سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی ہو رہی ہے۔ ’ایکس‘ سے لے کر ’یوٹیوب‘ تک پر لوگ یہ کہتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں کہ راہل گاندھی نے اپوزیشن لیڈر کا حق ادا کر دیا۔ راہل گاندھی کے یوٹیوب چینل پر تقریر کو لائیو اسٹریم کیا گیا اور اس ویڈیو کو تقریباً 5 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس کے یوٹیوب چینل اور ایکس و فیس بک وغیرہ پر دیکھنے والوں کی مجموعی تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔


اس کے علاوہ راہل گاندھی کی تقریر کا احاطہ کرتے ہوئے یوٹیوب پر بے شمار ویڈیوز بنائی گئی ہیں، جن میں یہ بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے اپوزیشن لیڈر کی اپنی پہلی ہی تقریر میں حکمراں جماعت کو یہ بتا دیا کہ ان کا آئندہ کا سفر کتنا مشکلوں بھرا ہونے والا ہے۔ ان ویڈیوز کو دیکھنے والوں نے جو ردعمل دیئے ہیں ان میں یہ بات واضح طور پر ہے کہ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا حق ادا کر دیا۔ اس کے علاوہ مشہور جرنلسٹ پربھو چاولہ نے بھی اس پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ راہل گاندھی یہ طے کر کے آئے تھے کہ وہ اپنے ایجنڈے پر ہی بات کریں گے۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق پربھو چاولہ کا کہنا ہے کہ میں نے دس سال پارلیمنٹ کور کیا ہے اور 8 وزرائے اعظم کو سنا ہے۔ مجھے یاد نہیں کہ کسی وزیر اعظم نے اپوزیشن لیڈر کو اس طرح سے ٹوکا ہو۔ یہ پہلی بار تھا کہ اپوزیشن لیڈر یہ سوچ کر آئے تھے کہ جن موضوعات پر انہیں بات کرنی تھی، وہ ان پر بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کے خطاب کا حوالہ ضرور دیا تھا۔ وہ فیصلہ کر کے آئے تھے کہ انہیں سیاسی تقریر کرنی ہے۔


پربھو چاولہ نے مزید کہا کہ وہ پارلیمنٹ کے ذریعے ان مسائل کو اٹھا رہے تھے جن پر انتخابات بھی ہوئے ہیں۔ چاہے وہ نیٹ کا مسئلہ ہو یا کسانوں و نوجوانوں کا مسئلہ ہو۔ راہل گاندھی کی تقریر کے دوران اسپیکر کو بھی دفاعی رویہ اختیار کرنا پڑا۔ انہیں کہنا پڑا کہ وزیر اعظم بڑے ہیں، اسی وجہ سے وہ ان کے آگے جھکتے ہیں۔ اگنی ویر اسکیم پر سوال اٹھانے پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلی بار دیکھا کہ امت شاہ اسپیکر سے تحفظ مانگ رہے تھے! انہوں (راہل گاندھی) نے یہ واضح کر دیا کہ وہ یہاں حملہ کرنے آئے ہیں، خود کا دفاع کرنے نہیں۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی کی تقریر کے دوران وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے وغیرہ نے اعتراضات کیا، مگر راہل گاندھی نے اپنی تقریر جاری رکھی۔ امت شاہ نے اسپیکر اوم برلا سے اپوزیشن لیڈر کے بیانات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ بیانات کی تصدیق کے لیے ہدایات دی جائیں اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔