ایڈیشنل کمشنر امت کمار شرما نے کانگریس کونسلر کے ذریعہ کرائے جا رہے ترقیاتی کاموں پر اظہار اطمینان کیا
کانگریس کے قدآور لیڈر چودھری متین احمد نے کہا کہ کونسلر شگفتہ چودھری زبیر اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کانگریس کے نظریات کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر امت کمار شرما نے آج سیلم پور اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے چوہان بانگر وارڈ 227 کے ایم سی ڈی اسکول میں شجرکاری کی اور تقریباً 100 سے زائد پودے لگائے۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی اور کانگریس کے قدآور لیڈر چودھری متین احمد، چوہان بانگر وارڈ سے کونسلر شگفتہ چودھری زبیر، بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد، دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید سمیت علاقے کے معزز افراد موجود تھے۔
شجرکاری سے قبل ایڈیشنل کمشنر امت کمار شرما نے وارڈ کا دورہ کیا اور صاف صفائی کے کام کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران انہوں نے چوہان بانگر وارڈ میں کئے جا رہے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وارڈ میں جاری ترقیاتی کام پر بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈرچودھری متین احمد نے کہا کہ سیلم پور اسمبلی حلقہ کے تحت چار وارڈ آتے ہیں جس میں سے ایک چوہان بانگر وارڈ ہے۔ یہاں صاف صفائی کے ساتھ ساتھ اس بات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے کہ یہاں کے جو اسکول ہیں ان میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے اور ساتھ ہی اسکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ بھی لیا جائے تاکہ علاقے کے بچے بہتر تعلیم حاصل کریں اور اپنا بہتر مستقبل بنا سکیں۔
چودھری متین نے کہا کہ کونسلر شگفتہ چودھری زبیر اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کانگریس کے نظریات کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد نے کہا کہ کانگریس کا نظریہ رہا ہے کہ اپنے علاقوں کو بہتر بنایا جائے اور یہاں کے عوامی مسائل کو حل کیا جائے اور اسی نظریہ پر ہم چوہان بانگر وارڈ میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ایم سی ڈی کے جعفرآباد اسکول میں ہم نے جائزہ لیا تھا جہاں پایا گیا کہ اسکول کے پنکھے کافی پرانے ہو گئے ہیں اور اسکول کے بچوں کو گرمی لگتی ہے۔ ہم نے فوری طور پر اپنے ذاتی فنڈ سے وہاں چھت والے پنکھے لگوانے کا کام کیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سیلم پور اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کام کرنا ہمارا فرض ہے اور علاقے کے مستقبل کو کیسے بہتر بنایا جائے وہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر کونسلر شگفتہ چودھری زبیر نے کہا کہ جب سے ہم نے چوہان بانگر وارڈ کی کمان سنبھالی ہے، تب سے ایک کے بعد ایک ترقیاتی کام کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں لڑکیوں کی لائبریری قائم کرنے کا وعدہ ہو یا پھر گلیوں کو نالی سے نجات کا معاملہ، سارے کام وقت پر پورے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ہماری کوششیں آگے بھی جاری رہیں گی۔
ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید نے کہا کہ آج پوری دہلی میں چوہان بانگر وارڈ کے کاموں کی ستائش پوری دہلی میں کی جا رہی ہے۔ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ یہاں صاف صفائی تو کی جا رہی ہے ساتھ ہی بچوں کے بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری قائم ہونے سے علاقے کی بیٹیاں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر رہی ہیں اور جب وہ کامیاب ہو جائیں گی تو ہم ضرور ان کا استقبال کریں گے۔
اس موقع پر ونود شرما، ریاض الدین راجو، سرتاج احمد، انل شرما، ضرار احمد، خالد خان، افسر خان، انیتا جین، شمیم خان، علاء الدین انصاری، رئیس سلمانی، شبیر احمد، رئیس انصاری، مظاہر علی، سردار حسین، حاجی اسلام، ایوب مسعودی، ساجد علی چودھری، محمد توحید، ضیاء الدین، فیضان قریشی، ظفر چودھری، راؤ نوید، اسلم ملک، عبدالحمید، عاقل احمد، ندیم راعین اور فہیم خان موجود رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔