یوپی کے گونڈا میں ریل حادثہ، چنڈی گڑھ-ڈبرو گڑھ ایکسپریس کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے، 4 افراد کی موت، کئی زخمی

واقعہ گورکھپور ریلوے سیکشن کی موتی گنج سرحد پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے کے تمام اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے ریلوے حکام سے رپورٹ طلب کی ہے

<div class="paragraphs"><p>حادثہ کی شکار ٹرین / آئی اے این ایس</p></div>

حادثہ کی شکار ٹرین / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گورکھپور: یوپی کے گونڈا میں جمعرات کی دوپہر ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا۔ یہاں چنڈی گڑھ سے گورکھپور کے راستے آسام جانے والی ڈبرو گڑھ ایکسپریس کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ حادثے میں 4 افراد کی موت ہو گئی جبکہ کم از کم 20 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ یہ واقعہ گورکھپور ریلوے سیکشن کی موتی گنج سرحد پر پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے تمام اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ تباہ شدہ کوچز میں پھنسے مسافروں کو نکالا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کے علاوہ پولیس انتظامیہ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ میڈیکل ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے اور ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حادثے کے بعد روٹ پر آنے والی ٹرینوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کا نمبر 15904 ہے۔


رپورٹ کے مطابق ایک مسافر نے بتایا کہ حادثہ دوپہر ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا۔ ٹرین چنڈی گڑھ سے روانہ ہوئی تھی اور یہ حادثہ گونڈا سے تقریباً 20 کلومیٹر آگے پیش آیا۔ 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ پٹریاں بھی اکھڑ گئیں۔ لوگ بڑی مشکل سے حادثے کی شکار ٹرین سے باہر آئے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی ٹرین حادثے کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر راحتی کام میں تیزی لائیں۔ ساتھ ہی زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ریلوے نے حادثے کے حوالے سے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔