سری لنکا دورہ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان، سوریہ کمار بنے ٹی-20 فارمیٹ کے کپتان، وَنڈے ٹیم میں روہت-وراٹ شامل

جیسا کہ امید ظاہر کی جا رہی تھی ٹی-20 فارمیٹ میں سوریہ کمار یادو کو ہاردک پانڈیا پر ترجیح دیتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے، وَنڈے سیریز میں روہت شرما کپتانی کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔

سوریہ کمار یادو، تصویر آئی اے این ایس
سوریہ کمار یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان 27 جولائی سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا جمعرات کے روز اعلان ہو گیا۔ جیسا کہ امید ظاہر کی جا رہی تھی ٹی-20 فارمیٹ میں سوریہ کمار یادو کو ہاردک پانڈیا پر ترجیح دیتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ دوسری طرف روہت شرما ونڈے ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ روہت شرما کے علاوہ وراٹ کوہلی بھی سری لنکا دورہ پر وَنڈے سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ دونوں ہی فارمیٹ میں شبھمن گل کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

ٹی-20 عالمی کپ کی چمپئن ٹیم کے تین کھلاڑی وراٹ کوہلی، روہت شرما اور رویندر جڈیجہ اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ ان کے علاوہ بمراہ کو بھی اس سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔ یعنی سری لنکا دورہ پر ٹی-20 کی ٹیم عالمی کپ میں نظر آنے والی ٹیم سے بہت مختلف ہوگی۔ ٹی-20 عالمی کپ میں ہاردک پانڈیا نائب کپتان تھے، لیکن سری لنکا دورہ پر انھیں نہ ہی کپتانی ملی ہے اور نہ ہی انھیں نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ ٹی-20 ٹیم میں یجویندر چہل اور کلدیپ یادو کو بھی جگہ نہیں ملی ہے۔ چہل تو ونڈے ٹیم کا بھی حصہ نہیں بن پائے ہیں، حالانکہ کلدیپ وَنڈے ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔


ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم: سوریہ کمار یادو (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، رنکو سنگھ، ریان پراگ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، عرشدیپ سنگھ، خلیل احمد، محمد سراج۔

وَنڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شریئس ایر، شیوم دوبے، کلدیپ یادو، محمد سراج، واشنگٹن سندر، عرشدیپ سنگھ، ریان پراگ، اکشر پٹیل، خلیل احمد، ہرشت رانا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔