رتن ٹاٹا نے ایک بار پھر ملک کا نام کیا روشن، آسٹریلیائی گورنر جنرل نے 'آرڈر آف آسٹریلیا' میں تقرری کا کیا اعلان
رتن ٹاٹا کو کاروبار، صنعت، انجینئرنگ، ثقافت وغیرہ میں تعاون کے لیے کئی بین الاقوامی ایوارڈ اور اعزازات حاصل ہو چکے ہیں، ان میں نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف بزنس کی اعزازی ڈگری بھی شامل ہے۔
ہندوستان کے مشہور و معروف صنعت کار رتن ٹاٹا نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ دراصل ان کی کارگزاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آسٹریلیا کے گورنر جنرل نے انھیں 'آرڈر آف آسٹریلیا' میں تقرری دینے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر جنرل نے رتن ٹاٹا کو آسٹریلیا-ہندوستان تعلقات، سرمایہ کاری اور عوامی مفاد میں کام کرنے کے لیے یہ اعزاز بخشا گیا ہے۔
آسٹریلیائی گورنر جنرل کے دفتر کے ذریعہ جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا-ہندوستان رشتوں کے لیے ان کی حمایت کی قبولیت میں، وہ آرڈر آف آسٹریلیا (اے او) کے جنرل ڈویژن میں اعزازی افسر کی شکل میں تقرری کے ساتھ رسمی قومی قبولیت کے اہل ہیں۔ اس تعلق سے ہندوستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر بیری اوفاریل نے جمعہ کے روز ایک ٹوئٹ بھی کیا۔ اس میں انھوں نے لکھا کہ "آسٹریلیا-ہندوستان رشتوں، خصوصاً کاروبار، سرمایہ کاری اور خدمت خلق کے لیے خصوصی خدمات کے لیے رتن ٹاٹا کو آرڈر آف آسٹریلیا میں ایک اعزازی افسر تقرر کیے جانے کی آسٹریلیائی گورنر جنرل کے اعلان پر خوشی ہوئی۔" انھوں نے مزید کہا کہ ٹاٹا گہرے دو فریقی تعلقات کے لیے ایک مضبوط اور اثردار حامی رہے ہیں، جس میں آسٹریلیا-ہندوستان معاشی تعاون اور کاروباری سمجھوتے کی وکالت کرنا شامل ہے، جسے 2002 میں آخری شکل دی گئی تھی، اور ہندوستان میں آنے والے کاروبار اور سرکاری لیڈروں کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ ٹاٹا فیملی ٹرسٹ کے تحت دی جانے والی اسکالرشپ کے ذریعہ سے ہندوستانی طلبا کو آسٹریلیا میں پڑھائی کرنے، لوگوں سے لوگوں اور معاشی تعلقات کو گہرا کرنے اور آسٹریلیا کے تعلیمی شعبہ میں مواقع پیدا کرنے کے حالات فراہم کیے گئے ہیں۔ ٹاٹا آفات سے راحت پہنچانے کی کوششوں میں شامل رہا ہے اور اس نے ان اداروں کی حمایت کی ہے جو ضرورت مند لوگوں کو مدد فراہم کرتے ہیں۔ مثلاً 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد، جس کے دوران دو آسٹریلیائی شہریوں نے افسوسناک طریقے سے اپنی جان گنوا دی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (ٹی سی ایس)، جو 1998 سے آسٹریلیا میں واقع ہے، 17000 ملازمین اور معاونین کے ساتھ کسی بھی ہندوستانی کمپنی کے آسٹریلیائی لوگوں کی سب سے بڑی تعداد کو روزگار دیتی ہے۔ رتن ٹاٹا کو ان کے کاروبار، صنعت، انجینئرنگ، قیادت، ثقافت اور امن میں ان کے تعاون کے لیے کئی بین الاقوامی ایوارڈ اور اعزازات حاصل ہو چکے ہیں۔ ان میں نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی سے ڈاکٹر آف بزنس کی اعزازی ڈگری بھی شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔