’ہم پیپر لیک و بیروزگاری کی بات کرتے ہیں اور مودی جی منگل سوتر و مجرا کی‘، راجیہ سبھا میں کھڑگے کا وزیر اعظم پر سخت حملہ

راجیہ سبھا میں تقریر کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جھوٹ بولنا، لوگوں کو تقسیم کرنا، یہ سب پہلی بار ہوا ہے۔ یہ کام پہلے کسی وزیراعظم نے نہیں کیا۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک شکریہ کے دوران بولتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے حکومت اور پی ایم  مودی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کسانوں کی بات کرتے ہیں تو مودی بھینسیں چھیننے کی بات کرتے ہیں۔ جب ہم بی جے پی کی تخریب کاری والی سیاست پر بات کرتے ہیں تو مودی اورنگ زیب کی بات کرنے لگتے ہیں۔ جب ہم پیپر لیک کی بات کرتے ہیں تو مودی منگل سوتر و مجرا کی بات کرنے لگتے ہیں۔ جب ہم بے روزگاری کی بات کرتے ہیں تو مودی جی من کی بات کرنے لگتے ہیں۔

کھڑگے نے پی ایم مودی کے جائیدادوں کی تقسیم سے متعلق بیان سمیت انتخابی خطابات کا حوالہ دیتے ہوئے ان پر اپوزیشن پارٹیوں کی توہین کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم نے کہا کہ اگر انہیں اپنے ووٹ بینک کے سامنے مجرا کرنا ہے تو کریں۔ اس پر ایوان میں ہنگامہ ہو گیا۔ کھڑگے نے کہا کہ سچ بولنے والے اکثر بہت کم بولتے ہیں، مگر جھوٹ بولنے والے مسلسل اور مستقل بولتے ہیں۔ ایک سچ کے بعد مزید سچ کی ضرورت نہیں مگر ایک جھوٹ کے بعد سینکڑوں جھوٹ بولے جاتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی جی کی ’امرت وانی‘ ہے، میں نے یہاں رکھا، اگر آپ کو یا ان کو دکھ ہوا ہے تو معذرت چاہتا ہوں۔


انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم کی تقریروں کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ پی ایم مودی نے 421 بار مندر-مسجد اور دیگر مذاہب کے بارے میں بات کی۔ پاکستان اور اقلیتوں کے بارے میں 224 بار بات کی۔ کانگریس کے منشور کو ایک خاص مذہب سے جوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 75 سالوں میں مختلف پارٹیوں کے وزرائے اعظم نے الیکشن میں مہم چلائی، ایسا کبھی نہیں دیکھا۔ ہم نے الیکشن کمیشن سے 117 شکایات کیں لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انتخابات کے دوران کانگریس کے کھاتے ضبط کیے گئے اور انکم ٹیکس کے نوٹس موصول ہوئے۔ آپ ’لیبل پلے گراؤنڈ‘ بولتے ہیں اور الیکشن آنے پر اپوزیشن پارٹیوں کے اکاؤنٹ منجمد کر دیتے ہیں۔ حکمراں پارٹی نے چندہ لیا اور الیکٹورل بانڈ کے ذریعے پارٹی کے لیے غیر قانونی طور پر ہزاروں کروڑ روپے کمائے۔

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ عوام تاریخ کے حوالے سے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جھوٹ بولنا، لوگوں کو تقسیم کرنا یہ سب پہلی بار ہوا ہے۔ یہ کام پہلے کسی وزیر اعظم نے نہیں کیا۔ کھڑگے کی تقریر کے دوران راجیہ سبھا کے چیئرمین دھنکھڑ نے کہا کہ آپ اپنی بات رکھیں، پھر چیمبر میں بات کرتے ہیں۔ اس پر کھڑگے نے کہا کہ مجھے چیمبر میں آپ سے کوئی کام نہیں ہے۔


اس دوران پی ایم مودی کو نعرے دینے میں ماہر بتاتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن 10 سال سے کہہ رہا ہے کہ نعرے مت دیجیے، کام کیجیے۔ میں پوچھتا ہوں کہ منی پور جل رہا ہے، آپ ایک دن تو جا کر آئیے۔ آپ 14 ممالک میں گئے، الیکشن میں سینکڑوں تقریریں کیں، آپ منی پور کیوں نہیں گئے؟ کھڑگے نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کچھ لوگوں کو سہارا دیا، کچھ کو ترقی دی اور غریبوں کو تباہ کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔