یوپی کا انسداد تبدیلی مذہب قانون سیکولرازم کی روح کو برقرار رکھنے کی کوشش! ہائی کورٹ کے جج کا تبصرہ
جسٹس روہت رنجن اگروال کی بنچ نے کہا کہ آئین ہر شخص کو اپنے مذہب کو ماننے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کا حق دیتا ہے لیکن یہ انفرادی حق مذہب تبدیل کرنے کے اجتماعی حق میں تبدیل نہیں ہو سکتا
الہ آباد: الہ آباد ہائی کورٹ نے جنسی استحصال اور جبری تبدیلی مذہب کے ایک معاملہ میں ملزم کی درخواست ضمانت کو مسترد کر دیا۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ کے جج روہت رنجن اگروال نے کہا کہ اتر پردیش انسداد غیر قانونی تبدیلی مذہب قانون 2021 کا مقصد تمام افراد کو مذہبی آزادی کی ضمانت دینا ہے، جو ہندوستان میں سماجی خیر سگالی کو ظاہر کرتا ہے۔ نیز اس قانون کا مقصد ہندوستان میں سیکولرازم کی روح کو برقرار رکھنا ہے!
جسٹس روہت رنجن اگروال کی بنچ نے مزید کہا کہ آئین ہر شخص کو اپنے مذہب کو ماننے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کا حق دیتا ہے لیکن یہ انفرادی حق مذہب تبدیل کرنے کے اجتماعی حق میں تبدیل نہیں ہوتا، کیونکہ مذہبی آزادی مذہب تبدیل کرانے والے کے ساتھ ساتھ مذہب تبدیل کرنے والے شخص کو بھی حاصل ہے۔
ہائی کورٹ نے یہ تبصرہ عظیم نامی شخص کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے کیا۔ درخواست گزار عظیم کے خلاف سیکشن 323/504/506 آئی پی سی اور اتر پردیش انسداد غیر قانونی تبدیلی مذہب ایکٹ 2021 کی دفعہ 3/5(1) کے تحت ایک لڑکی کو زبردستی اسلام قبول کرنے اور جنسی استحصال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کا درخواست گزار ملزم نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسے جھوٹا پھنسایا گیا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ رپورٹ درج کرانے والی لڑکی، جو اس کے ساتھ تعلقات میں تھی، رضاکارانہ طور پر اپنا گھر چھوڑ کر آئی تھی اور اس نے متعلقہ کیس میں سیکشن 161 اور 164 سی آر پی سی کے تحت درج بیانات میں پہلے ہی اپنی شادی کی تصدیق کر دی تھی۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے ملزم کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے سی آر پی سی کی دفعہ 164 کے تحت بیان دینے کا حوالہ دیا، جس میں اس پر مذہب تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے اور مذہب تبدیل کیے بغیر شادی کرنے کی بات کی تھی۔
ان حقائق کے پس منظر میں عدالت نے کہا کہ اطلاع دینے والے نے سیکشن 164 سی آر پی سی کے تحت ریکارڈ کیے گئے اپنے بیان میں واضح طور پر کہا تھا کہ درخواست گزار اور اس کے خاندان کے افراد اسے اسلام قبول کرنے پر مجبور کر رہے تھے۔ وہ عید الاضحیٰ کے دن جانور کی قربانی دیکھنے اور نان ویجیٹیرین کھانا پکانے اور کھانے پر بھی مجبور کیا گیا تھا۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزار نے مبینہ طور پر اسے قید کر رکھا تھا اور خاندان کے افراد نے اسے بعض اسلامی رسومات ادا کرنے پر مجبور کیا تھا، جو اسے قبول نہیں تھیں۔ مزید برآں، عدالت نے کہا کہ سیکشن 164 سی آر پی سی کے تحت درج بیان میں ایف آئی آر کے ورژن کو برقرار رکھا گیا تھا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزار یہ ظاہر کرنے کے لیے کوئی مواد ریکارڈ پر نہیں لا سکا کہ شادی/نکاح سے قبل لڑکی کے اسلام قبول کرنے کے لیے 2021 ایکٹ کے سیکشن 8 کے تحت درخواست دائر کی گئی تھی۔
حقائق اور حالات کو دیکھنے کے بعد، عدالت نے درخواست گزار کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 2021 کے ایکٹ کے سیکشن 3 اور 8 کی بادی النظر خلاف ورزی ہے، جو کہ 2021 کے ایکٹ کے سیکشن 5 کے تحت قابل سزا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔