داڑھی رکھنے پر مسلم پولیس اہلکار کو معطل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے یا نہیں؟ سپریم کورٹ کرے گا فیصلہ

عدالت عظمیٰ مہاراشٹر اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کے کانسٹیبل ظہیرالدین شمس الدین بیدادے کی اپیل پر سماعت کر رہی ہے۔ انہیں اکتوبر 2012 میں داڑھی رکھنے کی وجہ سے ملازمت سے معطل کر دیا گیا تھا

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ میں آج یعنی 13 اگست کو اس معاملہ پر دوبارہ سماعت ہوگی کہ داڑھی رکھنے پر مسلم پولیس اہلکار کو معطل کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے یا نہیں؟ آرٹیکل 25 کے تحت ہندوستان کے شہریوں کو مذہب پر عمل کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔ سپریم کورٹ اس کیس کا جائزہ لے گا اور فیصلہ کرے گا کہ ایسے معاملات میں کون سے قوانین لاگو ہوتے ہیں اور کیا ایسے معاملے میں پولیس اہلکار کو معطل کرنا حقوق کی خلاف ورزی ہے؟

پیر کو اس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ’’یہ آئین سے جڑا ایک اہم مسئلہ ہے اور اس معاملے پر تفصیل سے بحث ہونی چاہیے۔‘‘

عدالت عظمیٰ مہاراشٹر اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس کے کانسٹیبل ظہیرالدین شمس الدین بیدادے کی اپیل پر سماعت کر رہی ہے۔ انہیں اکتوبر 2012 میں داڑھی رکھنے کی وجہ سے ملازمت سے معطل کر دیا گیا تھا۔ ظہیرالدین نے بامبے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی۔ تاہم، ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو داڑھی رکھنے پر معطل کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا۔ اس کے بعد انہوں نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔


داڑھی رکھنے پر پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کا معاملہ اتر پردیش سے بھی سامنے آیا ہے۔ اکتوبر 2020 میں ریاست کے باغپت ضلع میں تعینات ایک سب انسپکٹر کو داڑھی رکھنے پر معطل کر دیا گیا تھا۔ پولیس سب انسپکٹر کے خلاف یہ محکمانہ کارروائی پولیس مینول کے تحت کی گئی تھی۔

یہ معاملہ باغپت کے رملا تھانے میں تعینات سب انسپکٹر انتشار علی سے متعلق تھا۔ باغپت کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے سب انسپکٹر کو تین بار داڑھی تراشنے کی تنبیہ کی تھی لیکن اس کے باوجود وہ داڑھی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔ چنانچہ باغپت کے ایس پی نے انہیں فوری اثر سے معطل کر کے پولیس لائن بھیج دیا۔

اتر پردیش پولیس کے دستور اور قواعد کے مطابق سکھوں کے علاوہ کسی کو بھی اعلیٰ افسران کی اجازت کے بغیر داڑھی رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ محکمہ پولیس کے ملازمین بغیر اجازت مونچھ رکھ سکتے ہیں لیکن داڑھی نہیں رکھ سکتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔