اتر پردیش: کاشی وشوناتھ مندر کے پاس واقع 2 پرانے مکانات منہدم، ایک شخص کی موت، کئی دیگر زخمی

وارانسی کے ڈویژنل کمشنر کوشل راج شرما نے بتایا کہ دو مکانات منہدم ہو گئے ہیں، اس حادثہ میں ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے جبکہ ایک خاتون کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا</p></div>

موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے وارانسی ضلع میں منگل کی صبح کاشی وشوناتھ مندر کے پاس واقع دو پرانے مکانات اچانک منہدم ہو گئے۔ اس حادثہ میں ایک خاتون کی ملبہ میں دبنے سے موت ہو گئی، جبکہ سات دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ چوک علاقہ میں کھویا گولی کے پاس ہوئی جہاں کاشی وشوناتھ مندر کے پاس بنے دو مکانات اچانک منہدم ہو گئے اور اس کے ملبہ میں تقریباً 9 افراد دب گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ملبہ میں دبے سبھی لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچا دیا ہے۔


وارانسی کے ڈویژنل کمشنر اشوک کوشل راج شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’دو مکانات منہدم ہوئے تھے جن میں سے ایک میں رہنے والے سبھی لوگ بہ حفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے تھے۔ دوسرے مکان میں رہنے والے دو افراد ہی باہر نکل پائے تھے اور 7 دیگر ملبہ میں پھنس گئے تھے۔ انھیں ریسکیو مہم چلا کر باہر نکالا گیا ہے۔‘‘

کوشل راج شرما نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی، جبکہ ایک خاتون کانسٹیبل سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سینئر طبی افسران کی نگرانی میں ساتوں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ دیکھنے سے معلوم پڑتا ہے کہ مکانات کم از کم 80-70 سال پرانے تھے۔ ان مکانات کی اوپری منزل ہی منہدم ہوئی ہے، یعنی نچلی منزل محفوظ ہے۔


وارانسی کے پولیس کمشنر موہت اگروال نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’حادثہ میں زخمی خاتون کانسٹیبل کاشی وشوناتھ مندر میں ڈیوٹی پر تعینات تھی۔ اسے کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے ٹراما سنٹر بھیجا گیا ہے۔ اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔‘‘ اگروال کا کہنا ہے کہ متاثرہ کنبہ کے سبھی لوگ کہہ رہے ہیں کہ ان کے اہل خانہ کو نکال لیا گیا ہے، لیکن پھر بھی احتیاطاً تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے اور یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ ملبہ میں کوئی باہر کا شخص تو نہیں پھنسا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔