کھڑگے کو جان مارنے کی دھمکی دینا کرناٹک بی جے پی لیڈر کو پڑا بھاری، اتراکھنڈ کانگریس نے تھانہ میں دی شکایت
اتراکھنڈ کانگریس لیڈر متھرادَت جوشی نے بتایا کہ کرناٹک اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو اپنی شکست یقینی نظر آ رہی ہے، اسی لیے اس کے امیدوار غنڈوں جیسا سلوک کرنے لگے ہیں۔
اتراکھنڈ کانگریس نے کرناٹک اسمبلی انتخاب میں چنتاپور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار منی کانت راٹھوڑ کے خلاف دہرادون کی کوتوالی میں مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔ الزام ہے کہ راٹھوڑ کی طرف سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، ان کی بیوی اور پورے کنبہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
دہرادون میں اتراکھنڈ ریاستی کانگریس صدر کرن ماہرا نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست دینے کے ساتھ ہی اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مہانگر چیف ڈاکٹر جسوندر سنگھ گوگی، تنظیم کے نائب سربراہ متھرادَت جوشی نے بتایا کہ ریاستی کانگریس جنرل سکریٹری لکشمن سنگھ نیگی نے صدر کرن ماہرا کے نمائندہ کی شکل میں پیش ہو کر تھانہ کوتوالی میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔
کانگریس نے راٹھوڑ کے خلاف ایف آئی آر کے لیے ریاست بھر میں کئی تھانوں میں درخواستیں دی ہیں۔ ایف آئی آر کی درخواست میں راٹھوڑ کی طرف سے دھمکی دیے جانے کی آڈیو بھی ثبوت کے طور پر پولیس کو دستیاب کرائی گئی ہے۔ اپنی ایف آئی آر میں کرن ماہرا نے کہا کہ کھڑگے کانگریس کے سینئر لیڈر اور قومی صدر ہیں۔ منی کانت راٹھوڑ کے اس سلوک سے کانگریس پارٹی کے کارکنان کو بے انتہا تکلیف پہنچی ہے۔
متھرا دَت جوشی نے بتایا کہ کرناٹک اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو اپنی شکست یقینی نظر آ رہی ہے اور اس کے اسمبلی امیدوار غنڈوں جیسا سلوک کرنے لگے ہیں، لیکن اس کا جواب عوام انھیں اسمبلی انتخاب میں ضرور دے گی۔ کرناٹک انتخاب میں بی جے پی کو شکست دے کر عوام سبق سکھائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔