سابرمتی ندی پر 75 کروڑ روپے خرچ سے تیار ’اٹل برج‘ کا شیشہ چٹخ گیا، ایکسپرٹ ٹیم نے کہا ’کوئی خطرہ نہیں‘
سابرمتی ندی کے مشرقی اور مغربی کنارے کو جوڑنے والے نو تعمیر اٹل برج میں شیشے کی آٹھ پلیٹس لگی ہوئی ہیں، انہی میں سے ایک پر چٹخنے کے نشان دکھائی دیے ہیں۔
سابرمتی ندی پر ’اٹل برج‘ کا افتتاح ہوئے ابھی 7 ماہ ہی ہوئے ہیں اور اس کا ایک شیشہ چٹخ گیا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں اس برج کا وزیر اعظم نریندر مودی نے افتتاح کیا تھا جس کو بنانے میں 75 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ جیسے ہی مقامی انتظامیہ کو اٹل برج کے شیشے میں دراڑ آنے کی خبر ملی فوراً احمد آباد میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) کی ایکسپرٹ ٹیم نے تحقیقات شروع کی۔ جمعرات کو اس ٹیم نے بتایا کہ جس شیشے میں ہلکی دراڑ آئی ہے، اس سے خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ حالانکہ اس پر کئی لوگ تشویش ظاہر کر رہے ہیں کہ اتنے کم وقت میں ہی شیشہ کس طرح چٹخ گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی دراڑ والے اس شیشے کو بدلا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سابرمتی ندی کے مشرقی اور مغربی کنارے کو جوڑنے والے اس مشہور برج میں شیشے کی آٹھ پلیٹس لگی ہوئی ہیں۔ انہی میں سے ایک پر چٹخنے کے نشان دکھائی دیے ہیں۔ اے ایم سی کی ٹیم کا کہنا ہے کہ شیشے پر یہ دراڑ آنے کے کئی اسباب ہو سکتے ہیں۔ لیکن شیشے کی چار سطح کو لیمنیٹ کر کے بنی اس پلیٹ پر اس دراڑ کا کوئی نقصان نہیں ہے۔ سابرمتی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایس آر ڈی سی ایل) کے چیف جنرل منیجر جگدیش سنگھ نے برج کی مضبوطی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جانچ کے دوران برج کی مضبوطی چیک کرنے کے لیے اس پر 11 لوگ ایک ساتھ کھڑے بھی ہوئے تھے۔
بہرحال، برج کے جس حصے پر دراڑ موجود ہے اس کے آس پاس بیریکیڈنگ کر دی گئی ہے اور باقی کا برج لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ابھی یہ برج ڈیفیکٹ لائبلٹی پیریڈ میں ہے، یعنی اس دوران ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کو ٹھیک کرنے کا کام کمپنی کا ہوگا۔ ایسے میں برج بنانے والی کمپنی اس حصے کو بدلے گی۔ ساتھ ہی اے ایم سی ایسے طریقے بھی تلاش کر رہی ہے جس سے ایسے دراڑ کو آنے سے روکا جا سکے۔
ایکسپرٹ بھلے ہی شیشے میں آئے دراڑ کو فکر کی وجہ نہ مان رہے ہوں، لیکن کانگریس نے اس معاملے میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے بی جے پی کو برج کا فٹنس سرٹیفکیٹ برسرعام نہ کرنے کو لے کر گھیرا ہے۔ گجرات کانگریس کے ترجمان ہیمنگ راول نے پارٹی کی طرف سے یہ مطالبہ رکھا ہے کہ حکومت برج کے فٹنس سرٹیفکیٹ کو عام کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ اٹل برج کو عوام کے لیے کھولے جانے کے بعد سے ایک سال کا وقت ہونے کو ہے، لیکن انتظامیہ نے ابھی تک برج کا فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔