الیکشن کمیشن کل سہ پہر 3 بجے کرے گا لوک سبھا انتخابات 2024 کی تاریخوں کا اعلان

الیکشن کمیشن لوک سبھا انتخابات 2024 کی تاریخوں کا اعلان کل یعنی ہفتہ، 16 مارچ 2024 کو کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا جائے گا

الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: الیکشن کمیشن لوک سبھا انتخابات 2024 کی تاریخوں کا اعلان کل یعنی ہفتہ، 16 مارچ 2024 کو کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا جائے گا، جن میں اوڈیشہ، سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش شامل ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ساتھ نئے تعینات ہونے والے الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ الیکشن کمشنروں کی پریس کانفرنس کو الیکشن کمیشن کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات 7 سے 7 مرحلوں میں کرائے جا سکتے ہیں۔


قبل ازیں جمعرات کو نئے الیکشن کمشنرز کی تقرری کے بعد آج انہوں نے چارج سنبھال لیا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعہ کی صبح دونوں الیکشن کمشنروں گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو کا خیرمقدم کیا۔ ان دونوں کے چارج سنبھالنے کے بعد آج تقریباً 11 بجے الیکشن کمیشن کی اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس دوران دونوں الیکشن کمشنرز نے انتخابی پروگرام کو حتمی شکل دینے پر سی ای سی کے ساتھ غور و خوض کیا۔ خیال رہے کہ اس مرتبہ اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کا مقابلہ کرنے کے لیے 'انڈیا' اتحاد تشکیل دیا ہے۔ اس اتحاد میں 20 سے زائد اپوزیشن جماعتیں شامل ہیں۔ وہیں، این ڈی اے میں تقریباً 40 پارٹیاں ہیں۔ این ڈی اے کے پاس اس وقت 350 سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ جبکہ انڈیا بلاک میں تقریباً 150 ایم پی ہیں۔


یاد رہے کہ 2019 میں لوک سبھا انتخابات سات مرحلوں میں کرائے گئے تھے۔ پچھلی بار الیکشن کمیشن نے 10 مارچ کو تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ 11 اپریل کو ہوئی تھی اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ 19 مئی کو ہوئی تھی۔ نتائج 23 مئی کو جاری کئے گئے تھے۔ اس الیکشن کے وقت ملک میں 91 کروڑ سے زیادہ ووٹر تھے جن میں سے 67 فیصد نے اپنا ووٹ ڈالا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔