مہاراشٹر: عصمت دری و قتل کے ملزم کو حوالے کرنے کے لیے بھیڑ کا پولیس ٹیم پر حملہ، 10 افراد گرفتار

اس معاملے میں 10 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر دیگر ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے اور زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مہاراشٹر پولیس، علامتی تصویر
مہاراشٹر پولیس، علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے جلگاؤں میں ایک مشتعل ہجوم نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا، جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہجوم نے ایک پٹرول پمپ کو بھی جلانے کی کوشش کی۔ یہ مشتعل ہجوم عصمت دری و قتل کے ایک ملزم کو اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا اور اسے اپنے طور پر سزا دینا چاہتا تھا۔ جب پولیس نے ملزم کو بھیڑ کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تو ہجوم نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ ہجوم کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔

خبروں کے مطابق ایک شخص پر 9 دن پہلے ایک 6 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور اسے قتل کرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے ملزم کو ڈھونڈ کر گرفتار کر لیا لیکن وہ جیسے ہی ملزم کو اپنے ساتھ لے کر جانے لگی تو لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ لوگ ملزم کو  ان کے حوالے کر دینے کا مطالبہ کرنے لگے۔ پولیس کے ملزم کو بھیڑ کے حوالے کرنے سے انکار پر بھیڑ  مشتعل ہو گئی اور پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ بڑی مشکلوں سے پولیس نے خود کو بچایا اور لاٹھی چارج کیا۔


مراٹھی نیوز پورٹل ’اے بی پی ماجھا‘ کے مطابق اس واقعے میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ جلگاؤں ضلع کے جامنیر میں پیش آیا ہے۔ پتھراؤ اور آتش زنی کے واقعہ کے بعد زخمی پولیس اہلکاروں کو جلگاؤں کے پرائیویٹ اور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس موقع پر سینئر پولیس آفیسر آیوش پرساد نے اسپتال جا کر زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ ریاستی وزیر گریش مہاجن نے بھی ان تمام واقعات پر پولیس، زخمیوں اور انتظامی مشینری سے فون پر جانکاری لی اور ضروری ہدایات دیں۔

اس واقعے پر جلگاؤں کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک نکھاتے نے کہا ہے کہ لڑکی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے ملزم کی گرفتاری کے بعد کچھ سماجی کارکنوں نے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد ان تمام لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اب ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے سخت موقف اپنایا ہے اور اس واقعہ کے ذمہ دار کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ اشوک نکھاتے کے مطابق اس معاملے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور 10 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر دیگر ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے۔ معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔