دہلی آبی بحران: آتشی کا وزیر اعظم کے نام مکتوب، پانی نہیں ملنے پر غیر معینہ ہڑتال کا اعلان
آتشی کا کہنا ہے، ’’گاندھی جی نے سکھایا ہے کہ سچائی کی لڑائی لڑنے کے لئے ستیہ گرہ آخری ہتھیار ہے۔ ہم جمعہ سے ستیہ گرہ کے ذریعے دہلی والوں کے حق کی لڑائی لڑیں گے‘‘
نئی دہلی: دہلی کے شدید آبی بحران کے درمیان دہلی کی آبی وسائل کی وزیر آتشی نے وزیر اعظم مودی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک پانی ستیہ گرہ (ہڑتال) کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی والوں کو ان کے حق کا پانی ملے، اس کے لئے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے لیکن ہریانہ نے پانی نہیں دیا، لہذا اب مجبوراً ’پانی ستیہ گرہ‘ کرنا ہوگا۔
آتشی کا پانی ستیہ گرہ آج دوپہر 12 بجے شروع ہوگا۔ ہڑتال شروع کرنے سے پہلے وہ راج گھاٹ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراب عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کی آخری آرام گاہ پر جائیں گی۔ آتشی کا کہنا ہے، ’’گاندھی جی نے سکھایا ہے کہ سچائی کی لڑائی لڑنے کے لئے ستیہ گرہ آخری ہتھیار ہے۔ ہم جمعہ سے ستیہ گرہ کے ذریعے دہلی والوں کے حق کی لڑائی لڑیں گے۔‘‘
آتشی نے کہا کہ دہلی کو ہریانہ سے 613 ملین گیلن (ایم جی ڈی) پانی ملنا چاہیے لیکن ہریانہ صرف 513 ایم جی ڈی پانی دے رہا ہے۔ ہریانہ سے دہلی میں روزانہ 100 ایم جی ڈی کم پانی آتا ہے۔ اس سے پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے اور 28 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ان کے حق کا پانی نہیں مل رہا ہے۔ جب تک ہریانہ حکومت دہلی کے 28 لاکھ لوگوں کے حق کا پانی نہیں چھوڑتی اس وقت تک میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگ شدید گرمی سے پریشان ہیں۔ دہلی میں ایک ایسے وقت میں پانی کی قلت ہے جب دہلی کے لوگوں کو پانی کی زیادہ ضرورت ہے۔ دہلی کو پانی کی کل فراہمی 1005 ملین گیلن یومیہ ہے۔ اس میں سے 613 ایم جی ڈی ہریانہ سے آتا ہے۔ لیکن، ہریانہ پچھلے کچھ دنوں سے 513 ایم جی ڈی پانی دے رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ دہلی کو روزانہ 100 ملین گیلن سے کم پانی مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی وزیر ہونے کے ناطے انہوں نے ہر ممکن کوشش کی۔ مرکزی حکومت، ہریانہ حکومت اور ہماچل پردیش حکومت سے بات کی۔ ہماچل پردیش پانی دینے کے لیے تیار ہے لیکن وہ بھی ہریانہ کے ذریعے آنا ہے اور ہریانہ حکومت نے اس سے انکار کر دیا۔ ہم سپریم کورٹ گئے، ہم نے اپنے عہدیداروں کو ہریانہ حکومت کو بھیجا، اس کے باوجود ہریانہ حکومت نے پانی فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ دہلی حکومت کے ارکان اسمبلی جل شکتی کے وزیر سے ملنے گئے کہ ہریانہ حکومت سے دہلی کے لیے پانی چھوڑنے کو کہیں۔ میں نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا لیکن اس سب کے باوجود، ہریانہ حکومت نے ابھی تک دہلی کے لوگوں کو پانی فراہم نہیں کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔