پرینکا-ڈمپل کل وارانسی میں پی ایم مودی کے خلاف چلائیں گی انتخابی مہم، اجئے رائے کی حمایت میں مانگیں گی ووٹ
پرینکا گاندھی اور ڈمپل یادو کی قیادت میں روڈ شو درگاکنڈ مندر سے شروع ہوگا اور لنکا ہوتے ہوئے روی داس مندر میں دَرشن کے بعد اپنے اختتام کو پہنچے گا۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو ہفتہ کے روز وارانسی پہنچ کر پی ایم مودی کے خلاف انتخابی مہم چلائیں گی۔ دونوں خاتون لیڈران وارانسی سے انڈیا اتحاد کے مشترکہ امیدوار اجئے رائے کی حمایت میں روڈ شو کریں گی اور ان کے لیے ووٹ مانگیں گی۔
کانگریس ترجمان شیلندر سنگھ نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ روڈ شو دُرگا کنڈ مندر سے شروع ہوگا اور لنکا ہوتے ہوئے روی داس مندر میں دَرشن کرنے کے بعد ختم ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی اور ڈمپل یادو کاشی ہندو یونیورسٹی کے سنگھ دوار پر مدن موہن مالویہ کے مجسمہ پر مالا بھی چڑھائیں گی۔ دونوں لیڈران کا یہ مشترکہ روڈ شو پروگرام ہفتہ کی شام 4 بجے شروع ہوگا۔
کانگریس پارٹی کے مہانگر صدر راگھویندر چوبے نے اس سلسلے میں بتایا کہ بابت پور ہوائی اڈہ سے اترنے کے بعد پرینکا گاندھی اور ڈمپل یادو روڈ شو سے پہلےبابا شری کاشی وشوناتھ کے دَرشن کرنے بھی جا سکتی ہیں۔ کانگریس امیدوار اجئے رائے کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ یہ روڈ شو انتخاب میں ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ پی ایم مودی وارانسی سے لگاتار تیسری مرتبہ انتخاب لڑ رہے ہیں اور یہاں ساتویں و آخری مرحلہ میں یکم جون کو ووٹنگ ہوگی۔ اجئے رائے کو اس سیٹ پر انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔ پی ایم مودی اور اجئے رائے کے علاوہ بی ایس پی نے سا سیٹ سے اطہر جمال لاری کو امیدوار بنایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔