والدین کے ’کورونا ویکسین‘ لگوانے پر طلبا کو پرائیویٹ اسکول دے رہے 4 اضافی نمبر!
کرناٹک کے کئی پرائیویٹ اسکولوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر طلبا کے سرپرست نے کورونا ویکسین لگوائی ہے تو طبی امور کو دھیان میں رکھتے ہوئے بچوں کو ایکسٹرا کریکلر ایکٹیوٹیز کے لیے 4 نمبر دیے جائیں گے۔
ہندوستان میں کورونا ویکسین سے متعلق بیداری پھیلانے کے لیے اور کورونا ٹیکہ کاری مہم کو مزید تیز کرنے کے لیے طرح طرح کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کرناٹک میں اس تعلق سے ایک دلچسپ معاملہ سامنے آیا ہے جہاں پرائیویٹ اسکولوں نے ان طلبا کو 4 نمبر دینے کا فیصلہ کیا ہے جن کے والدین کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔ پرائیویٹ اسکولوں کے ذریعہ کیے گئے اس اعلان کے بعد ان سرپرستوں میں خوشی کا ماحول ہے جنھوں نے ٹیکے لگوا لیے ہیں۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اگر پرائیویٹ اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے طلبا کے سرپرست نے کورونا کی ویکسین لگوائی ہے تو طبی امور کو دھیان میں رکھتے ہوئے بچوں کو ایکسٹرا کریکلر ایکٹیوٹیز کے لیے چار نمبر دیے جائیں گے۔ ایسا ضابطہ کرناٹک کے پرائیویٹ اسکولوں کی ایک ایسو سی ایشن نے بنایا ہے اور اسے نافذ بھی کر دیا ہے۔ ایسو سی ایشن کا نام ’ایسو سی ایٹیڈ مینجمنٹ آف پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول اِن کرناٹک‘ ہے۔
ایسو سی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ششی کمار کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ اگر طلبا کے سرپرست کو کورونا ویکسین لگی ہے تو انھیں 2 نمبر زیادہ ملے گا۔ یعنی دو نمبر ایکسٹرا کریکلر ایکٹیوٹیز اور دو نمبر ٹیکہ کاری کے لیے۔ ڈاکٹر ششی کمار کا کہنا ہے کہ ’’ہم چاہتے ہیں بچے اپنے سرپرست اور دیگر فیملی ممبر کو ویکسین لگوانے کے لیے ترغیب دیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر طلبا اپنے سرپرست پر دباؤ بنائیں گے تو وہ یقیناً ویکسین لگوائیں گے۔ اس سے یہ بھی یقینی ہوگا کہ اگر اسکول کھلتے ہیں تو ہمارے اسکولوں میں آنے والے طلبا محفوظ ہیں۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ اس ضابطہ کے تعلق سے ایسو سی ایشن نے تقریباً 4 ہزار اسکولوں کو ایڈوائزری بھیج دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا کے خلاف جانسن اینڈ جانسن کی ’سنگل شاٹ‘ ویکسین تیار!
کرناٹک واقع شانتی نکیتن اسکول کے بانی سننتھ نارائن کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ وہ اپنے اسکول میں طلبا کو 4 ’گرین پوائنٹ‘ دیں گے، اس کے لیے طلبا کو اپنے سرپرست کی ٹیکہ کاری سے متعلق سرٹیفکیٹ جمع کرنا ہوگا۔ آخری ریزلٹ اس کے بعد ہی تیار کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب 18 سال سے نیچے والے لوگوں کی ٹیکہ کاری شروع ہوگی تو طالب علم کے سرپرست کی ویکسین کے لیے 2 نمبر اور طالب علم کی ویکسین کے لیے 2 نمبر دیے جائیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کرناٹک کے کئی پرائیویٹ اسکولوں نے کورونا ٹیکہ لگوانے والے سرپرستوں کو انعام دینے کے لیے لاٹری سسٹم بھی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ذریعہ اسکول انتظامیہ ٹیکہ کاری کو لے کر زیادہ سے زیادہ لوگوں میں بیداری پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ اسکولوں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے اسکولوں میں پڑھنے والے طلبا کے سرپرست نے ویکسین لگوا رکھی ہے تو انھیں ان کے سرٹیفکیٹ دستیاب کروانے ہوں گے۔ پھر اسکول مینجمنٹ لاٹری سسٹم کے تحت کچھ سرپرست کو منتخب کریں گے اور انھیں انعام سے نوازیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Aug 2021, 5:11 PM