بہار: کئی اضلاع سیلاب سے بے حال، گنگا اور پن پن میں طغیانی، کئی گاؤں میں پانی داخل
راجدھانی پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں سیلاب کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گنگا اور پن پن ندیاں پٹنہ اور بھاگلپور میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ پٹنہ کے کئی گاؤوں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے۔
بہار کی راجدھانی پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں سیلاب نے خطرناک صورت حال پیدا کر دی ہے۔ گنگا اور پن پن ندیوں میں طغیانی دیکھنے کو مل رہی ہے اور پٹنہ و بھاگلپور میں یہ ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ پٹنہ کے کئی گاؤوں میں سیلاب کا پانی بھی داخل ہو گیا ہے جس سے لوگوں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ انتظامیہ ے ذریعہ راحت رسانی کا کام جاری ہے۔
آبی وسائل محکمہ کے ایک افسر نے جمعہ کو بتایا کہ گنگا ندی بھاگلپور کے کہلگاؤں میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جب کہ پن پن پٹنہ کے شری پال پور میں خطرے کے نشان کے اوپر بہہ رہی ہے۔ اس کے علاوہ باگمتی ندی مظفر پور کے بینی آباد، دربھنگہ کے حیا گھاٹ میں خطرے کے نشان سے اوپر اور بوڑھی گنڈک ندی کھگڑیا میں لال نشان کے اوپر بہہ رہی ہے۔ کملا بلان مدھوبنی کے جے نگر اور جھنجھارپور ریل پل کے پاس خطرے کے نشان کو پار کر گئی ہے۔
اس درمیان راحت کی بات یہ ہے کہ سون ندی پر بنے اندرپوری بیراج کے پاس ندی کی آبی سطح میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ یہاں صبح چھ بجے سون ندی کی آبی سطح 40920 کیوسیک تھی جو آٹھ بجے گھٹ کر 35614 کیوسیک درج کی گئی ہے۔ چھوٹی ندیوں کی آبی سطح میں اضافہ نے لوگوں کی پریشانی بڑھا دی ہے۔
پٹنہ ضلع انتظامیہ نے کہا کہ سینڈ بیگ سے کئی گاؤوں میں پانی داخل کو روکا جا رہا ہے۔ دھنروا ڈویژن کے سونمئی پنچایت میں زمینداری پشتہ ٹوٹ جانے سے بدھانی ٹولہ میں پانی گھس گیا ہے۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ چندرشیکھر سنگھ نے بتایا کہ ’’ضلع کے جن مقامات پر سیلاب کا پانی آ چکا ہے وہاں پر انتظامیہ کی جانب سے کمیونٹی کچن چلایا جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جمعرات کو وہ خود کئی علاقوں کا جائزہ لینے سیلاب متاثرہ علاقوں میں گئے تھے۔ انھوں نے متاثرہ علاقوں میں فصل کو ہوئے نقصان کا سروے اور جائزہ لینے کی ہدایت بھی زراعتی افسر کو دی ہے تاکہ جلد از جلد کسانوں کو راحت مل سکے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی پٹنہ، نالندہ، گیا اور جہان آباد ضلع کے بعد سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا تھا۔ انھوں نے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر گنگا ندی کی آبی سطح مزید بڑھتی ہے تو ان علاقوں میں سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سیلاب کو قابو میں کرنے کے لیے محکمہ نے کام شروع کر دیا ہے، لیکن پھر سے بارش ہونے سے گنگا ندی کی آبی سطح مزید بڑھے گی، جس سے ان علاقوں میں مزید پانی پھیل سکتا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں لوگوں کو ہر طرح سے راحت پہنچانے کا کام کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ’’جو بھی علاقے متاثر ہوئے ہیں وہاں کے لوگوں کو راحت دلانا اور امداد پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ فصلوں کو بھ نقصان ہوا ہے، پانی زیادہ رہنے سے روپنی کے کام میں بھی دقت آ رہی ہے۔ جس طرح سے بارش ہو رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے سب کو محتاط رہنا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔