نیٹ امتحان: گجرات کے گودھرا سے 5 ملزمین گرفتار، نقل کرانے کے لیے 10-10 لاکھ روپے میں ہوئی تھی ڈیل!

پولیس نے این ٹی اے سے جانکاری مانگی ہے کہ امتحان کس طرح کرایا جاتا ہے، امتحان کے مبصرین اور سپروائزر کی تقرری سے متعلق عمل کی جانکاری بھی پولیس حاصل کر رہی ہے۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نیٹ (این ای ای ٹی) امتحان میں بے ضابطگی سے متعلق گجرات پولیس نے 5 ملزمین کو آج گرفتار کیا ہے۔ ان ملزمین کی گرفتاری کے بعد اب تک ڈھائی کروڑ روپے کے منی ٹریل کی بات سامنے آئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طلبا سے 10-10 لاکھ روپے لے کر نیٹ امتحان پاس کرانے کا کاروبار چل رہا تھا۔ گزشتہ مہینے پنچ محل ضلع کے کلکٹر کو ملی اطلاع کی بنیاد پر گودھرا واقع جئے جلارام اسکول کے نیٹ امتحان مرکز کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران یہ انکشاف ہوا کہ بچوں سے پیسے لے کر امتحان پاس کرانے کا کھیل ہوا ہے۔ اس کے بعد پنچ محل ضلع کے ایجوکیشن افسر کریٹ پٹیل نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔

جانکاری کے مطابق 5 مئی کو ہونے والے امتحان میں ٹیچر تشار بھٹ اسی سنٹر میں لابی کنڈکٹر تھے۔ وہ کسی طالب علم سے 10 لاکھ روپے لینے والے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی ضلع ایجوکیشن افسر نے سنٹر پہنچ کر ان سے پوچھ تاچھ کی۔ ضلع ایجوکیشن افسر کو پوچھ تاچھ اور جانچ کے دوران ان کے فون سے پرشورام رائے نامی شخص کے ساتھ چیٹ میں کچھ تصویریں ملیں، جن میں 11 طلبا کے نام، رول نمبر اور ان کے امتحان مرکز کا پتہ لکھا تھا۔ اس کے علاوہ ان کی کار سے 7 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوا۔


جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ گودھرا کے عارف وورا اور وڈودرا کے رائے اوورسیز کے مالک پرشورام رائے کا طلبا سے پیسے لے کر پاس کرانے میں اہم کردار ہے۔ بھٹ کے فون سے 20 سے زائد طلبا کے نام ملے ہیں جس کے سامنے کنفرم سمیت کئی نشان لگے ہوئے ملے۔ اس پورے معاملے میں جب جانچ تیز کی گئی تو پتہ چلا کہ تشار بھٹ کو عارف وورا نے ایجنٹ کے طور پر طلبا سے ملاقات کروا کر ایک ایک طالب علم سے امتحان پاس کرانے کے لیے 10-10 لاکھ روپے میں ڈیل کی تھی اور 7 لاکھ روپے پیشگی کے طور پر لیے تھے۔ بھٹ نے پیشگی لینے والے طلبا کو او ایم آر شیٹ خالی چھوڑنے کی ہدایت دی تھی، تاکہ شیٹ کو بھر کر انھیں پاس کرایا جائے۔

پنچ محل پولیس نے وڈودرا سے لے کر پنچ محل تک چھاپہ ماری کی اور 5 ملزمین کو گرفتار کیا۔ اس پورے معاملے میں اسکول کے چیئرمین نے کہا کہ بھٹ ٹیچر تھا اور نیٹ امتحان کا سپروائزر تھا جسے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے کی جانچ اب پولیس اور محکمہ تعلیم ساتھ مل کر کرے گا۔ گرفتار کیے گئے ملزمین میں ٹیچر تشار بھٹ، پرنسپل پرشوتم شرما، رائے اوورسیز کے پرشورام رائے، رائے کا ساتھی وبھور آنند اور ایک بچولیا عارف وورا شامل ہے۔ سبھی ملزمین عدالتی حراست میں ہیں۔ کلیدی ملزم تشار بھٹ نے ضمانت کے لیے عرضی داخل کی تھی جسے خارج کر دیا گیا۔ گودھرا سیشن کورٹ نے نیٹ امتحان میں ہوئے اس فرضی واڑے کا انکشاف کرنے کے لیے ضلع پولیس کی کارروائی کی تعریف کی۔


پولیس نے اس پورے معاملے میں سامنے آئے طلبا کے نام کی بنیاد پر مشتبہ طلبا اور سرپرستوں تک کے بیان درج کیے ہیں۔ پولیس جانچ میں یہ سامنے آیا ہے کہ رائے اوورسیز کے مالک پرشورام رائے نے کئی طلبا کے والدین سے میڈیکل داخلہ کے لیے پیسے نقد میں اور چیک سے لیے تھے۔ پولیس نے این ٹی اے سے کئی اہم جانکاریاں مانگی ہیں۔ پولیس کے مطابق این ٹی اے سے پوچھا گیا ہے کہ امتحان کس طرح کنڈکٹ کرایا جاتا ہے اور امتحان کے مبصرین و سپروائزر کی تقرری کا عمل کس طرح ہوتا ہے۔ ملزمین سے برآمد فون اور الیکٹرانک سامانوں کے ایف ایس ایل رپورٹ کی بنیاد پر جانچ کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔