دہلی میں شروع ہوئی محلہ بس سروس، حکومت کا 2080 بسیں چلانے کا اعلان

محلہ بسوں کا کرایہ دہلی حکومت کی اے سی بسوں جیسا ہی ہوگا، یعنی ان بسوں کے ٹکٹ بھی 10، 15 اور 20 روپے رکھے گئے ہیں اور خواتین پنک پاس کا استعمال کرکے ان بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے وزیر ٹرانسپوٹر کیلاش گہلوت محلہ بس کے ساتھ / آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کے وزیر ٹرانسپوٹر کیلاش گہلوت محلہ بس کے ساتھ / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

دہلی حکومت نے دہلی کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں کے لیے محلہ بس سروس شروع کی ہے۔ اس کا ٹرائل رن پیر سے دو روٹس پرشروع  ہوا ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت 2,080 بسیں چلائی جائیں گی اور 2025 تک بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ان میں سے 1,040 بسیں ڈی ٹی سی اور بقیہ بسیں ڈی آئی  ایم ٹی سی کے ذریعے چلائی جائیں گی۔

محلہ بسوں کا کرایہ دہلی حکومت کی اے سی بسوں جیسا ہی ہوگا، یعنی ان بسوں کے ٹکٹ بھی 10، 15 اور 20 روپے رکھے گئے ہیں اور خواتین پنک پاس کا استعمال کرکے ان بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ محلہ بس سروس کا آغاز شہر کے آخری حصے کی کنیکٹیویٹی  کو بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان بسوں کو سڑک کی محدود چوڑائی کے ساتھ انتہائی گنجان علاقوں میں چلنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو مقامی لوگوں کے لیے ایک قابل اعتماد اور آمد و رفت کا موثر متبادل ہوگا۔ اس ٹرائل سے اندازہ لگایا جاسکے گا کہ بس میں کوئی کمی ہے یا نہیں اور فیڈ بیک حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی یہ سروس دہلی کے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرے گی۔


وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق راستوں کو آئی آئی ٹی دہلی سمیت مختلف تنظیموں کی مدد سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ٹرائل رن دو راستوں پر سات دنوں تک جاری رہے گا - پردھان انکلیو پشتہ سے مجلس پارک میٹرو اسٹیشن اور اکشردھام میٹرو اسٹیشن سے میور وہار فیز III پیپر مارکیٹ پر سات دنوں  تک جاری رہےگا۔ مسافروں کے ذریعے بہ آسانی شناخت کیے جانے کے لیے بسوں کو سبز رنگ سے پینٹ کیا گیا ہے۔ ان میں 196 کلو واٹ کی صلاحیت والی 6 بیٹریاں لگائی گئی ہیں جو 45 منٹ میں چارج ہونے کے ساتھ 200 کلومیٹر سے زیادہ کی رینج فراہم کرتی ہیں۔

نو میٹر طویل ان بسوں میں 23 مسافروں کی نشستیں ہیں اور ان میں 13 مسافر کھڑے ہو کر سفر کر سکتے ہیں۔ ان میں 5 نشستیں گلابی رنگ کی ہیں جو خواتین مسافروں کے لیے مخصوص ہیں۔ دہلی حکومت اس وقت دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) سے حاصل کی گئی 100 بسیں چلا رہی ہے تاکہ آخری حد کنیکٹوٹی کو بڑھایا جا سکے۔ ان محلہ بسوں کے روٹ کی زیادہ سے زیادہ لمبائی 10 کلومیٹر ہے۔ اس کے علاوہ یہ بسیں پہلے اور آخری حد کے رابطے کو بڑھانے میں مدد کریں گی۔


دہلی حکومت نے محلہ بسوں کی پارکنگ اور دیکھ بھال کے لیے شہر بھر میں 16 ڈپو بنائے ہیں۔

  • مشرقی زون: غازی پور ڈپو میں 60 محلہ بسیں ہوں گی۔ ایسٹ ونود نگر میں 180 محلہ بسیں ہوں گی۔

  • ویسٹ زون: دوارکا مین ڈپو میں 40 محلہ بسیں ہوں گی۔ دوارکا سیکٹر 2 ڈپو میں 180 محلہ بسیں ہوں گی۔ کیشو پور ڈپو میں 180 محلہ بسیں ہوں گی۔ پیر گڑھی ڈپو میں 135 محلہ بسیں ہوں گی۔ شادی پور ڈپو میں 230 محلہ بسیں ہوں گی۔ دوارکا سیکٹر 9 ڈپو میں 20 محلہ بسیں ہوں گی۔

  • ساؤتھ زون: کشک نالہ ڈپو میں 350 محلہ بسیں ہوں گی۔ امبیڈکر نگر ڈپو میں 180 محلہ بسیں ہوں گی۔

  • نارتھ زون: منڈکا ڈپو میں 60 محلہ بسیں ہوں گی۔ نانگ لوئی ڈی ایم آر سی کے پاس 60 محلہ بسیں ہوں گی۔ نانگ لوئی ڈی ٹی سی ڈپو میں 180 محلہ بسیں ہوں گی۔ رٹھالہ ڈپو میں 70 محلہ بسیں ہوں گی۔

محلہ بسوں میں چھ بیٹری پیک لگی ہیں جن کی کل صلاحیت 196 کلو واٹ ہے۔ یہ 45 منٹ میں مکمل چارج ہوجائیں گی اور  ایک بار چارج ہونے کے بعد 200 کلومیٹر کا سفر طے کریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔