مہاراشٹر: اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمندوں سے کانگریس نے طلب کیں درخواستیں
اس سال کے اخیر میں مہاراشٹر میں اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس کے لیے سیاسی پارٹیوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس دوران کانگریس نے ٹکٹ کے خواہشمندوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کے بعد سب کی نظریں اسمبلی انتخابات پر لگی ہوئی ہیں۔ مہاراشٹر میں اس سال کے اخیر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس کے بارے میں مہا وکاس اگھاڑی کی اتحادی کانگریس نے ہفتہ (6 جولائی) کو انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں سے ٹکٹوں کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔
ریاستی کانگریس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عام زمرے کے دعویداروں کو درخواست کے ساتھ پارٹی فنڈ میں 20,000 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ جبکہ خواتین اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل زمرہ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو 10,000 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ درخواستیں 10 اگست تک پارٹی کی ضلعی اکائیوں کو جمع کرانی ہوں گی۔
پارٹی نے اپنے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے متعلقہ حلقوں میں ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کیا جائے اور ان ووٹروں کی مدد کریں جو نام، پتہ وغیرہ کے حوالے سے ووٹر لسٹ میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ پارٹی نے کارکنوں سے پہلی بار ووٹروں کے اندراج پر بھی توجہ دینے کو کہا ہے۔ واضح رہے کہ مہا وکاس اگھاڑی میں کانگریس، شیوسینا (یو بی ٹی) اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) شامل ہیں۔
خبرکے مطابق ریاست کی تمام 288 اسمبلی سیٹوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ مہاراشٹر میں پھیلے ہوئے لاکھوں پارٹی کارکنوں میں سے غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کے حامل امیدواروں کو آگے لانے اور انہیں مناسب اہمیت دینے کے لیے لیا گیا ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ ایسے کارکنوں کو سپورٹ کیا جائے اور انہیں الیکشن میں بھی کھڑا کیا جائے۔ اس دوران کانگریس پارٹی کے مہاراشٹر کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات میں تمام سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی تیاری کرے گی لیکن اپنے اتحادیوں کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے معاہدے کے مطابق ہی الیکشن لڑے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔