ریٹرن بھرنے کے لیے اب ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی، محکمہ انکم ٹیکس کا تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اشارہ

انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی ہے۔ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے پورٹل کے بہت دھیمی رفتار سے چلنے کا حوالہ دے کرٹیکس دہندگان کا ایک گروپ آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر رہا ہے۔

انکم ٹیکس / یو این آئی
انکم ٹیکس / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

رواں اسیسمنٹ سال کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں اب ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ ریٹرن فائل کرنے کا کام اگلے ہفتے 3 دن تک جاری رہے گا اور اس کے بعد آئی ٹی آر فائل کرنے پر جرمانہ عائد ہونا شروع ہو جائے گا۔ محکمہ انکم ٹیکس نے آخری تاریخ سے پہلے اشارہ دیا ہے کہ وہ اب تاریخ میں مزید توسیع نہیں کرے گا۔

مالی سال 2023-24 یا اسیسمنٹ سال 2024-25 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی ہے۔ ٹیکس دہندگان کا ایک گروپ آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر رہا ہے۔ وہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے پورٹل کے بہت دھیمی رفتار سے چلنے کا حوالہ دے رہا ہے۔ مگر انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کی امید بہت کم ہے، کیونکہ محکمہ انکم ٹیکس کو لگتا ہے کہ ٹیکس دہندگان صحیح رفتار سے ریٹرن فائل کر رہے ہیں اور اس سال پھر سے آئی ٹی آر فائلنگ کا ایک نیا ریکارڈ بننے جا رہا ہے۔


انکم ٹیکس فائلنگ پورٹل پر دستیاب ڈیش بورڈ کے مطابق اب تک 12.39 کروڑ سے زیادہ ٹیکس دہندگان نے پورٹل پر اپنا اندراج کرایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب تک تقریباً 4 کروڑ 60 لاکھ انکم ٹیکس ریٹرن داخل کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے 4 کروڑ 22 لاکھ سے زائد ریٹرن ٹیکس دہندگان کی جانب سے تصدیق کیے جا چکے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ان میں سے 1 کروڑ 89 لاکھ سے زیادہ ریٹرن کو پروسیس بھی کر دیا ہے۔

محکمہ انکم ٹیکس نے اس سال 22 جولائی کو ہی 4 کروڑ آئی ٹی آر فائلنگ کا سنگ میل حاصل کر لیا تھا۔ گزشتہ سال 24 جولائی کو 4 کروڑ آئی ٹی آر کا ہندسہ عبور کیا گیا تھا۔ 23 جولائی کو ایک ہی دن میں 22 لاکھ سے زیادہ آئی ٹی آر فائل کیے گئے ہیں۔ اس وجہ سے محکمہ کو لگتا ہے کہ اس سال آئی ٹی آر فائلنگ کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے۔ گزشتہ سال 31 جولائی تک ریکارڈ 6.77 کروڑ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کیے گئے تھے۔


محکمہ انکم ٹیکس کو لگتا ہے کہ آخری تاریخ سے پہلے باقی دنوں میں ٹیکس دہندگان کے ذریعہ ریٹرن فائل کرنے میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایسے میں ڈیڈ لائن کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا آخری تاریخ یعنی 31 جولائی 2024 تک مفت ہے۔ یہ مدت ختم ہونے کے بعد ٹیکس دہندگان کے پاس 31 دسمبر تک کا وقت ہے کہ وہ تاخیر سے ریٹرن فائل کریں لیکن اس کے لیے ٹیکس دہندہ کو 5000 روپے تک کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔