اہوم موئدم: آسام کے شاہی خاندان کا قبرستان یونیسکو کی ورلڈ ہیریٹج فہرست میں شامل
ہندوستان نے 24-2023 کے لیے یونسیکو کی عالمی وراثت فہرست میں شامل کیے جانے کے لیے ملک کی طرف سے نامزدگی کی شکل میں ’موئدمس‘ کا نام دیا تھا۔
دورِ اہوم کے ’موئدم‘ کو یونسیکو نے اپنے ورلڈ ہیریٹج یعنی عالمی وراثت کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ یہ ایک قبرستان ہے جو آسام کے چرائدیو ضلع میں واقع ہے۔ اہوم موئدم پرامڈ کی طرح ایک دلچسپ ٹیلہ نما ڈھانچہ ہے جن کا استعمال تائی-اہوم خاندان کے ذریعہ اپنے شاہی کنبہ کے اراکین کو ان کی محبوب شئے کے ساتھ دفنانے کے لیے کیا جاتا تھا۔ یعنی یہ آسام کے شاہی خاندانوں کا قبرستان ہے۔ اسے یونسیکو کی عالمی وراثت پر مبنی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش بین الاقوامی مشاورتی ادارہ آئی سی او ایم او ایس نے کی تھی۔
بین الاقوامی یادگار و مقامات کونسل (آئی سی او ایم او ایس) نے ’ثقافت و مشترکہ ملکیتوں کی نامزدگی کی قدر‘ سے متعلق ایک رپورٹ تیار کی تھی۔ اس رپورٹ کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی (ڈبلیو ایچ سی) کے 46ویں سیشن میں پیش کیا گیا۔ یہاں یہ فیصلہ لیا گیا کہ اسے موئدم کو یونیسکو کی عالمی وراثت والی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ ’موئدمس‘ اس فہرست میں جگہ بنانے والی شمال مشرقی ہند کی پہلی ثقافتی وراثت بن گئی۔
ہندوستان نے 24-2023 کے لیے یونسیکو (اقوام متحدہ تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارہ) کی عالمی وراثت فہرست میں شامل کیے جانے کے لیے ملک کی طرف سے نامزدگی کی شکل میں ’موئدمس‘ کا نام دیا تھا۔ تائی-اہوم شاہی خاندان نے آسام پر تقریباً 600 سال تک حکومت کی تھی اور اہوم موئدمس نے اب تک ان کی پہچان کو مٹنے نہیں دیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے اہوم موئدمس کو یونسیکو کی عالمی وراثت والی فہرست میں شامل کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر موئدمس کی کچھ تصویریں اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’یہ دن سنہری حروف میں درج ہو گیا، کیونکہ ہندوستان کو عالمی وراثت کی فہرست میں 43واں ثقافتی ورثہ مل گیا۔‘‘ انھوں نے اس قدم کے لیے یونسیکو کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اہوم موئدمس کا رقبہ 95.02 ہیکٹیر ہے اور اس کا بفر زون 754.511 ہیکٹیر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چرائیدیو واقع موئدم کے اندر 90 ڈھانچے ہیں، جو اونچی زمین پر واقع ہیں۔ انھیں اینٹ، پتھر یا مٹی سے بنے کھوکھلے مٹی کے ٹیلے جیسا بنایا گیا تھا۔ اس میں ایک آٹھ زاویہ والی دیوار کے مرکز میں ایک مندر بنایا گیا تھا۔ چرائیدیو میں واقع موئدم اہوم بادشاہوں اور ان کی بیگمات کا قبرستان ہے۔ یہ دور وسطیٰ کے آسامی فنکاروں کی شاندار دستکاری کا بہترین نمونہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔