پیرس میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل ہنگامہ آرائی، آتش زنی اور توڑ پھوڑ، ریل نیٹورک بری طرح متاثر
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل فرانس کا ہائی اسپیڈ ریل نیٹورک درہم برہم ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق ریلوے لائن پر آتشزدگی کی گئی اور اس مذموم حرکت سے ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا
پیرس: پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل فرانس کا ہائی اسپیڈ ریل نیٹورک درہم برہم ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق ریلوے لائن پر آتشزدگی کی گئی اور اس مذموم حرکت سے ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آج (26 جولائی) سے اولمپکس کا آغاز ہو رہا ہے۔
فرانسیسی ٹرین آپریٹر کمپنی ایس این ایف سی نے جمعہ (26 جولائی) کو پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو اس پورے معاملے سے آگاہ کیا۔ ٹرین آپریٹر ایس این ایف سی نے کہا کہ فرانس کے ہائی اسپیڈ ریل نیٹورک پر آتشزدگی سے حملہ کیا گیا۔ جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا پورا نظام ناکارہ ہو گیا۔
اس معاملہ کی تفتیش کرنے والے ایک ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس دوران تخریب کاری کی کوشش کی گئی جسے ٹی جی وی نیٹورک (ٹربو ٹرین اے گرینڈ وٹیس) کو مفلوج کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کیا گیا حملہ ہے۔ جس کی وجہ سے کئی راستوں کو منسوخ کرنا پڑا۔
ریل آپریٹر نے کہا، ’’ایس این ایف سی ایک ساتھ راتوں رات کئی بدنیتی پر مبنی کارروائیوں کا شکار ہو گیا۔ ان حملوں سے ٹرین لائن کی اٹلانٹک، نارتھ اور ویسٹ لائنز متاثر ہوئیں۔‘‘
آپریٹر کا مزید کہنا تھا کہ آتشزدگی کے حملے ٹرین کی سہولت کو نقصان پہنچانے کے لئے کئے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرینوں کو مختلف پٹریوں پر بھیجا جا رہا ہے، جبکہ بڑی تعداد کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔
ایس این ایف سی نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا سفر ملتوی کریں اور ٹرین اسٹیشنوں سے دور رہیں۔ یہ حملے پیرس میں ہونے والی اولمپکس تقریبات کی تیاریوں کے دوران کیے گئے جن میں ساڑھے سات ہزار کھلاڑی، تین لاکھ تماشائی اور وی آئی پی شامل ہوں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے بی ایف ایم ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ایس این سی ایف گروپ کے صدر نے کہا کہ ٹرین کے 8 لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیٹورک اولمپک گیمز کے لیے تیار تھا لیکن اب وہ اس نیٹورک کی جلد از جلد مرمت کے لیے سینکڑوں اہلکاروں کو متحرک کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
’فرانس 24 ڈاٹ کام‘ کی رپورٹ کے مطابق یورو اسٹار (ریلوے کمپنی) نے کہا کہ توڑ پھوڑ کے واقعات کی وجہ سے لندن اور پیرس کے درمیان خدمات متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ٹرینیں منسوخ ہو گئی ہیں اور سفری اوقات میں اضافہ ہوا ہے۔
یورو اسٹار نے ایک بیان میں کہا، ’’فرانس میں اس واقعے کی وجہ سے پیرس اور للی کے درمیان ہائی اسپیڈ لائن متاثر ہوئی ہے۔ پیرس آنے اور جانے والی تمام تیز رفتار ٹرینوں کو آج (جمعہ، 26 جولائی) کلاسک لائن کے ذریعے ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے سفر کا وقت تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ بڑھ گیا ہے۔
فرانسیسی وزیر ٹرانسپورٹ پیٹریس ورگریٹ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ "ان مجرمانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ایس این ایف سی ٹریفک کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘
دریائے سین پر پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران موسم گر سکتا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
فرانس کے محکمہ موسمیات میٹیو فرانس نے پیش گوئی کی ہے کہ دوپہر کے وقت موسم صاف ہو جائے گا تاہم شام کے وقت بارش ہو سکتی ہے جب تقریب منعقد ہونی ہے۔ بارش ہوئی تو بھی تقریب شیڈول کے مطابق ہوگی۔
عام طور پر کھلاڑی روایتی طور پر مارچ کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہیں لیکن پیرس اولمپکس میں 10500 کھلاڑی 90 سے زائد کشتیوں پر دریائے سین پر چھ کلومیٹر کی پریڈ میں سوار ہوں گے۔ اس دوران سیکڑوں تماشائی ان کو خوش کرنے کے لیے دریائے سین کے کنارے موجود ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔