پیرس اولمپکس کا آج رنگا رنگ تقریب کے ساتھ افتتاح، 128 سالہ تاریخ میں پہلی بار دریا میں ہوگی کھلاڑیوں کی پریڈ
پیرس اولمپکس کا آج سے آغاز ہو رہا ہے اور اس موقع پر رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس بار کے اولمپکس کی افتتاحی تقریب 1896 میں ان کھیلوں کے آغاز کے بعد سے 128 سال کی تاریخ میں منفرد ہوگی
پیرس: پیرس اولمپکس کا آج (26 جولائی) سے آغاز ہو رہا ہے اور اس موقع پر رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس بار کے اولمپکس کی افتتاحی تقریب 1896 میں ان کھیلوں کے آغاز کے بعد سے 128 سال کی تاریخ میں منفرد ہوگی۔ دراصل، اولمپکس تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب اسٹیڈیم کے بجائے پیرس کے مرکزی علاقے میں دریائے سین پر منعقد کی جائے گی۔ جس میں مختلف ممالک کے وفود کشتیوں پر سوار ہو کر دریائے سین میں پریڈ کریں گے۔
افتتاحی تقریب دریائے سین سے ایفل ٹاور کے باغات اور محلات تک 6 کلومیٹر پر محیط ہوگی، جس میں 100 کشتیاں، تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس کو لئے پیرس کے مشہور مقامات کے قریب سے گزریں گی۔ افتتاحی تقریب میں 3 ہزار سے زائد فنکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے جبکہ تقریب میں پیرس اور فرانس کی تاریخ اور ثقافت کی نمائش ہوگی۔ صدر ایمانوئل میکرون عالمی کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گے جبکہ اولمپک مشعل بھی روشن کی جائے گی۔
پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے 329 ایونٹس ہوں گی، اولمپکس کے لئے اب تک 80 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، اولمپک گیمز 11 اگست تک جاری رہیں گی جبکہ سکیورٹی کے لئے تقریباً 75000 فوجی تعینات کئے گئے ہیں۔
ہندوستان نے پیرس اولمپکس کے لیے 117 کھلاڑیوں کی ٹیم بھیجی ہے۔ ان 117 ارکان کی ٹیم میں نصف کھلاڑی تین کھیلوں ایتھلیٹکس (29)، شوٹنگ (21) اور ہاکی (19) سے وابستہ ہیں۔ ان 69 کھلاڑیوں میں سے 40 کھلاڑی پہلی بار اولمپکس میں حصہ لے رہے ہیں۔
دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو اور اپنے پانچویں اولمپکس میں شرکت کے لیے تیار ٹیبل ٹینس کے لیجنڈ شرت کمل اولمپکس میں ہندوستانی دستے کی قیادت کریں گے۔ یہ دونوں کھلاڑی اولمپک افتتاحی تقریب میں ہندوستان کے پرچم بردار بننے والے اپنے متعلقہ کھیلوں کے پہلے کھلاڑی ہوں گے۔
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ہندوستانی مرد کھلاڑی کرتہ بنڈی سیٹ پہنیں گے جبکہ خواتین کھلاڑی ہندوستان کے ترنگے جھنڈے کو ظاہر کرنے والی ساڑی پہنیں گی۔
یاد رہے کہ ہندوستان نے ٹوکیو اولمپکس میں کل 7 تمغے جیتے تھے، جو اولمپک کھیلوں کی تاریخ میں اس کی بہترین کارکردگی ہے۔ اس میں ہندوستانی کھلاڑی نیرج چوپڑا کا ایتھلیٹکس میں پہلا گولڈ بھی شامل ہے۔ ملک کے کل 112 کھلاڑی پیرس میں 16 کھیلوں میں 69 تمغوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ پانچ ریزرو کھلاڑی بھی پیرس میں ہوں گے۔ اولمپک کھیلوں میں ہندوستان نے اب تک کل 35 تمغے جیتے ہیں۔ ان میں شوٹر ابھینو بندرا (2008) اور نیرج چوپڑا (2021) ہی انفرادی گولڈ میڈل جیت پائے ہیں۔
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب ہندوستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگی۔ اسے ہندوستان میں ’اسپورٹس 18 1 ایس ڈی‘ اور ’اسپورٹس 18 1 ایچ ڈی ٹی وی‘ چینلز پر ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ پیرس اولمپکس کی لائیو اسٹریمنگ جیو سنیما پر مفت دستیاب ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : بجٹ میں تعلیم کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا...سراج نقوی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔