کولکاتا عصمت دری اور قتل معاملہ: ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری، کئی ریاستوں میں طبی خدمات متاثر

ایمس سمیت ڈاکٹروں کی دیگر انجمنوں نے کہا ہے کہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ سخت قوانین کے ذریعے ملک بھر میں ڈاکٹروں کی حفاظت کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کولکاتا کے ’آر جی کر میڈیکل کالج‘ میں ڈیوٹی کے دوران ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف دہلی ایمس سمیت ملک بھر کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال آج بھی جاری ہے۔ ایمس آر ڈی اے کی جانب سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی جا رہی ہے، جس میں تعلیمی سرگرمیوں کی معطلی، انتخابی او پی ڈی، وارڈ خدمات اور او ٹی خدمات شامل ہیں۔ تاہم ایمرجنسی سروسز، آئی سی یو اور ایمرجنسی او ٹی کا کام جاری رہے گا۔

دریں اثنا، فورڈا (فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن) نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن کئی دیگر تنظیموں کی ہڑتال بدستور جاری ہے۔ فیما (فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن) سمیت کئی دیگر تنظیموں نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایمس آر ڈی اے اور دیگر آر ڈی ایز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ سخت قوانین یعنی سی پی اے (سنٹرل سیکورٹی ایکٹ) کے ذریعے ملک بھر میں ڈاکٹروں کی حفاظت کی مکمل یقین دہانی نہیں کرائی جاتی۔ اس کے ساتھ ہی راجدھانی دہلی میں صفدرجنگ کی آر ڈی اے کی ہڑتال بھی جاری رہے گی۔


ممبئی کے اسپتالوں میں بھی رہائشی ڈاکٹروں کا احتجاج جاری ہے۔ بی ایم سی کالجوں (کیم، سائن، نائر اور کوپر) کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرز نے 13 اگست 2024 کو صبح 8 بجے سے ہڑتال کر دی ہے، جس کے نتیجے میں او پی ڈی، الیکٹیو او ٹی، لیب سروسز اور انتخابی خدمات بند ہیں۔

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے سبب تقریباً تمام اسپتالوں میں صحت کی خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ تمام سرکاری اسپتالوں کے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس (او پی ڈی) کے نسخے کے کاؤنٹرز پر مریضوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔

آر ڈی اے نے کہا، ’’متحدہ محاذ کے طور پر ہم ایک نیک مقصد کے لیے کھڑے ہیں اور اجتماعی تعطیل کو جاری رکھیں گے، ہمارے ارکان کی جانب سے فراہم کی جانے والی تمام غیر ہنگامی خدمات اگلی اطلاع تک معطل رہیں گی۔

کولکاتا میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف ملک بھر کے ڈاکٹروں نے 2 دن تک ہڑتال کی لیکن حکومت سے مذاکرات کے بعد ڈاکٹروں نے منگل کی رات ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر صحت جے پی نڈا نے کہا کہ ان کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ تاہم ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال بدھ کے روز بھی جاری رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔