ہریانہ میں جے جے پی لیڈر رویندر سینی کا گولی مار کر قتل، بائک پر سوار ہو کر آئے تھے 3 شوٹر
بدھ کی شام جے جے پی لیڈر رویندر سینی اپنے محافظ کو شو روم پر ہی چھوڑ کر کسی کام سے باہر جا رہے تھے، تبھی راستے میں انتظار کر رہے بائک سوار تین بدمعاشوں نے ان کو گولی مار دی۔
ہریانہ میں ایک جے جے پی لیڈر کے سنسنی خیز قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ ہسار کا ہے جہاں ہانسی میں ہیرو موٹر سائیکل کے شو روم مالک رویندر سینی کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ رویندر سینی کو بدھ کی شام بائک پر سوار تین بدمعاشوں نے گولی ماری اور فرار ہو گئے۔ رویندر سینی کو ایک گَن مین (محافظ) بھی ملا ہوا تھا، لیکن جس وقت ان پر حملہ ہوا وہ شو روم میں تھا اور رویندر سینی باہر نکل چکے تھے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بدھ کی شام جے جے پی لیڈر رویندر سینی اپنے محافظ کو شو روم پر ہی چھوڑ کر کسی کام سے باہر جا رہے تھے، تبھی راستے میں انتظار کر رہے بائک سوار تین بدمعاشوں نے ان کو گولی مار دی۔ گولی لگتے ہی وہ زمین پر گر پڑے۔ واردات کو انجام دینے کے بعد بدمعاش وہاں سے فرار ہو گئے۔ آس پاس کے لوگوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ خبر ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی اور آناً فاناً میں رویندر سینی کو اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے رویندر سینی کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ملزمین کی تلاش میں مصروف ہو گئی ہے۔ جگہ جگہ ناقہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ ملزمین شہر سے باہر نہ بھاگنے پائیں۔ سبھی تھانوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور حادثہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس افسران بھی مستعد ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ بدمعاشوں نے جب رویندر سینی پر گولیاں چلائیں تو اس کی آواز سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ پولیس حادثہ والی جگہ پر موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنا شروع کر دیا ہے اور بدمعاشوں کی تلاش بھی زور و شور سے جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔