’دنیا کے سب سے بے بس اور لاچار وزیر اعلی‘، نتیش کمار نے افسران کے سامنے ہاتھ جوڑا تو تیجسوی نے کیا طنز
تیجسوی نے کہا کہ بہار میں بڑھتے جرائم، بے لگام بدعنوانی، ہجرت اور انتظامی انارکی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ایک ملازم بھی وزیر اعلیٰ کی نہیں سنتا۔ کیوں نہیں سنتا؟ یہ غور طلب ہے۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑتے نظر آئے ہیں۔ وہ ایک افسر کا پیر پکڑ لینے کی بات بھی کہتے ہیں۔ ان کی اس ویڈیو پر آر جے ڈی لیڈر اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے طنز کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو پوری دنیا کا سب سے بے بس، بے اختیار اور لاچار وزیر اعلیٰ قرار دیا ہے۔
پٹنہ میں آج (10 جولائی) ایک سرکاری پروگرام میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑنا شروع کر دیا۔ اس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا۔ اس میں انہوں نے وزیراعلیٰ کودنیا کا سب سے بے بس و لاچار وزیر اعلیٰ قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی تیجسوی یادو نے بہار میں جرائم، بدعنوانی اور انتظامی انارکی کی وجوہات بھی بیان کیں اور سرکاری افسران کوبھی نشانہ بنایا۔
تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ پوری دنیا میں اتنا لاچار، کمزور، ناقابل قبول، نا اہل، بے بس اور مجبور شاید ہی کوئی وزیر اعلیٰ ہوگا جو بی ڈی او، ایس ڈی او، تھانیدار سے لے کر اعلیٰ افسران اور یہاں تک کہ کسی ادارہ کے ذاتی عملہ تک کے سامنے بات-بات پر ہاتھ جوڑنے اور پیر پکڑنے کی بات کرتا ہو۔ تیجسوی یادو نے مزید لکھا ہے کہ بہار میں بڑھتے جرائم، بے لگام بدعنوانی، ہجرت اور انتظامی انارکی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ایک ملازم (افسر کو تو چھوڑیئے) وزیر اعلیٰ کی نہیں سنتا۔ کیوں نہیں سنتا اور کیوں احکام پرعمل نہیں کرتا؟ یہ غور طلب ہے۔ حالانکہ اس میں ملازمین اور افسران کا زیادہ قصور بھی نہیں ہے۔
بہار کے اپوزیشن لیڈر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایک کمزور اور بے بس وزیر اعلیٰ ہونے کی وجہ سے بہار میں ہونا وہی ہے جو چند حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے طے کیا ہے۔ کیونکہ افسران بھی جانتے ہیں کہ یہ 43 سیٹ والی تیسرے نمبر کی پارٹی کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ جب حکمرانی میں اقبال ختم ہو جائے اور حکمران میں خود اعتمادی نہ رہے تو اسے اصول، ضمیر اور نظریات کو بالائے طاق رکھ کر اوپر سے نیچے تک بات-بات پر ایسے ہی پیر پڑنا پڑتا ہے۔ بہر حال ہمیں کرسی کی نہیں بلکہ بہار اور 14 کروڑ بہار کے لوگوں کے حال اور مستقبل کی فکر ہے۔
واضح رہے کہ بدھ (10 جولائی) کو گنگا پتھ کے گائے گھاٹ سے کنگن گھاٹ تک کے حصے کے افتتاح کے پروگرام میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار راگھوپور پل کے تعمیراتی کام کی پیشرفت کے بارے میں افسران سے معلومات لے رہے تھے۔ اسی دوران اسٹیج سے ہی وزیر اعلیٰ نتیش کمار افسر کے ہاتھ پیر جوڑنے کی بات کرنے لگے۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس دوران ان کے ساتھ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا، سمراٹ چودھری اور اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو بھی موجود تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔