ممبئی ہِٹ اینڈ رَن کیس کے ملزم کو بچانے کی کوشش، سنجے راؤت کا دعویٰ

سنجے راؤت نے کہا کہ ملزم کو بچانے کی کوشش پہلے سے چل رہی تھی۔ ملزم کا والد بہت امیر آدمی ہے، حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہیے کہ اس کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آرہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سنجے راؤت / آئی اے این ایس</p></div>

سنجے راؤت / آئی اے این ایس

user

آئی اے این ایس

ممبئی پولیس نے منگل (9 جولائی) کو ورلی بی ایم ڈبلیو ہٹ اینڈ رن کیس کے مرکزی ملزم مہر شاہ کو تھانے ضلع کے ویرار سے گرفتار کر لیا۔ تین روز قبل مِہر شاہ ورلی میں اسکوٹر سے جا رہے ایک ماہی گیر جوڑے کو اپنی بی ایم ڈبلیو کار سے ٹکر مار کر فرار ہوگیا تھا، جس میں خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے پر شیوسینا-یوبی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ کہ ملزم کے والد کے مجرمانہ ریکارڈ انڈر ورلڈ سے متعلق ہیں۔

خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے شیوسینا-یو بی ٹی لیڈر نے مرکزی ملزم مِہر شاہ کے ساتھ ہی اس کے والد راجیش شاہ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی ملزم کے والد راجیش شاہ کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کر لیجئے۔ اگر آپ کے پاس شیو سینا شندے گروپ کے لیڈر راجیش شاہ کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے تو ہم دے دیں گے۔ اس کے تمام مجرمانہ ریکارڈ انڈر ورلڈ سے متعلق ہیں۔ سنجے راؤت نے کہا کہ ہِٹ اینڈ رَن کا معاملہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے، مگرملزم کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


شیوسینا-یو بی ٹی لیڈر نے مزید کہا ہے کہ راجیش شاہ کیا کرتا ہے؟ اس کے پاس کتنی جائیداد ہے اور اتنی مہنگی گاڑی کہاں سے لاتا ہے؟ ممبئی پولیس کو اس کا حساب دینا ہوگا۔ راجیش شاہ کے خلاف بوریولی پولیس اسٹیشن میں کئی مجرمانہ معاملے درج ہیں۔ میں ممبئی پولیس کمشنر سے کہتا ہوں کہ ان کے تمام ریکارڈ عام کیے جائیں۔ سنجے راؤت نے کہا کہ اس بات پر تمام لوگوں کو غور کرنا چاہئے کہ ایسے مجرم ایکناتھ شندے کے پاس بیٹھتے ہیں۔ ملزم مِہر شاہ کا نشہ میڈیکل چیک میں نہ آئے، اس کے لیے اسے تین دن تک مفرور رکھا گیا۔ اتنا گھناؤنا اور سنگین جرم کرنے کے بعد بھی اسے اس طرح سے بچایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔

سنجے راؤت نے کہا کہ آپ ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ ایک خاتون کو کس طرح نشے میں بار-بار کچلا گیا۔ میں انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ ایسا شخص کبھی جیل سے باہر نہیں آنا چاہئے۔ اگر کوئی اسے بچانے کی کوشش کر رہا ہے تو لوگوں کو سڑکوں پر اتر کر اس سے جواب طلب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو بچانے کی کوشش پہلے سے چل رہی تھی۔ ملزم کا والد بہت امیر آدمی ہے، حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہیے کہ اس کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آرہا ہے۔ یہ معاملہ بہت سنگین ہے، یہ کوئی ایکسیڈنٹ نہیں ہے۔ اگر ایکسیڈنٹ ہوتا تو ملزم بار-بار خاتون پر گاڑی نہیں چڑھاتا۔ یہ ایک منصوبہ بند قتل ہے۔ ایسے لوگوں کو پھانسی پر چڑھانا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔