شیخ حسینہ کی موجودگی کے پیش نظر ہنڈن ایئربیس کے باہر سخت سیکورٹی، زمین سے آسمان تک چوکسی
غازی آباد پولیس ایئر بیس کے باہر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور اضافی نگرانی کر رہی ہے۔ ایئربیس کے اندر کی حفاظت ہندوستانی فضائیہ کے ہاتھوں میں ہے اور زمین سے آسمان تک سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں
غازی آباد: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی موجودگی کے پیش نظر اتر پردیش کے غازی آباد ضلع میں ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن کے باہر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ پیر کو بنگلہ دیش سے ہندوستان پہنچنے والی شیخ حسینہ اس وقت ہنڈن ایئر بیس پر ’سیف ہاؤس ‘میں موجود ہیں۔
غازی آباد پولیس ایئر بیس کے باہر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور اضافی نگرانی کر رہی ہے۔ ایئربیس کے اندر کی حفاظت ہندوستانی فضائیہ کے ہاتھوں میں ہے۔ دریں اثنا، زمین سے آسمان تک سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کو وقفے وقفے سے پرواز کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
معلومات کے مطابق دہلی میں بنگلہ دیش کے سفارت خانے کی کچھ کاریں ایئربیس پہنچی ہیں۔ اگر بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ ایئربیس سے نکلنے کا فیصلہ کرتی ہیں تو اس کے لیے ٹریفک پولیس کو الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ راستہ تبدیل کر کے سڑک کو محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا رہی شیخ حسینہ کی حکومت جانے کی وجہ؟... سید خرم رضا
قبل ازیں منگل کو شیخ حسینہ کو ہندوستان لانے والا ’سی-130جے ‘ ٹرانسپورٹ طیارہ صبح 9 بجے ہنڈن ہوائی اڈے سے سات فوجی اہلکاروں کے ساتھ بنگلہ دیش میں اپنے اڈے کی طرف روانہ ہو گیا۔
وہیں، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کل جماعتی میٹنگ کے دوران پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ شیخ حسینہ بنگلہ دیش میں تشدد کے بعد ہندوستان پہنچی تھیں۔ یہاں سے انہیں مزید سفر کرنا ہے لیکن چونکہ صورتحال ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے، وہ ہنڈن ایئربیس پر ہی موجود ہیں۔ دہلی میں قیام پذیر ان کی بیٹی بھی کچھ دیر بعد ان سے ملنے ہنڈن ایئربیس پہنچ سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف شروع ہونے والی طلباء تحریک کے ملک بھر میں پھیلنے کے بعد راجدھانی ڈھاکہ میں مظاہرین نے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی۔ طلباء کا مظاہرہ انتہائی پرتشدد ہو چکا تھا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں گھس کر وسیع پیمانے پر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔ یہاں تک کہ مشتعل مظاہرین نے بنگ بندھو کے لقب سے نوازے جانے والے بانی بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمان کا مجسمہ ہتھوڑے کے وار سے توڑ ڈالا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔