’گوتم گمبھیر مغرور نہیں، وہ ایک معصوم بچہ ہے‘، کوچ سنجے بھاردواج کا دلچسپ بیان
گوتم گمبھیر کے کوچ سنجے بھاردواج نے انکشاف کیا کہ بچپن میں گمبھیر جب کوئی میچ ہار جاتا تھا تو وہ رویا کرتا تھا، اسے تب بھی ہارنا پسند نہیں تھا۔
ٹیم انڈیا کے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ان دنوں کافی سرخیوں میں ہیں۔ ابھی وہ سری لنکا دورے پر گئی ٹیم انڈیا کے ساتھ ہیں جہاں ٹی-20 مقابلوں میں شاندار کامیابی کے بعد دو ایک روزہ مقابلوں میں کھلاڑیوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس درمیان گوتم گمبھیر کے بچپن کے کوچ سنجے بھاردواج کا ایک دلچسپ بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے گوتم کو ’معصوم بچہ‘ قرار دیا ہے۔
سابق انڈر 19 عالمی کپ فاتح منجوت کالرا کے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے سنجے بھاردواج نے اپنے شاگرد کے بارے میں کہا کہ "گمبھیر بچہ ہے، آج بھی وہ ایک معصوم بچے کی طرح ہے، اس میں کوئی غصہ نہیں ہے۔ وہ 12 سال کے بچے کے جیسا ہے۔ لوگ سوچتے ہیں کہ وہ مغرور ہے، لیکن وہ اس کا جیت کی طرف نظریہ ہے۔ میں اسے نیٹس کے بعد میچ کھلاتا تھا اور میچ ہارنے کے بعد وہ رویا کرتا تھا۔ اسے تب بھی ہارنا پسند نہیں تھا۔"
سنجے بھاردواج نے اس سلسلے میں کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے اس کے اندر ایٹیٹیوڈ (تکبر والا رویہ) ہے، یہ ہے، وہ ہے... نہیں، گمبھیر سچے دل والا آدمی ہے۔ وہ نرم ہے۔ اس نے کئی نوجوانوں کا کیریئر بنایا ہے۔" گوتم کے کوچ نے مزید کہا کہ اگر آپ اپنے کمفرٹ زون میں رہتے ہیں تو آپ جیتیں گے؟ جو شخص جیتنا چاہتا ہے اسے شکست سے بچنا بھی آنا چاہیے۔"
واضح ہو کہ سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے 2 یک روزہ مقابلے میں ٹیم انڈیا نے امید کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی ہے اور پہلا میچ ٹائی ہونے کے بعد دوسرا مقابلہ ہار کر سیریز میں 0-1 سے پچھڑ گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گوتم گمبھیر ٹیم کے کھلاڑیوں کو کس طرح حوصلہ دیتے ہیں اور ان کی تیسرے یک روزہ مقابلے کے لئے حکمت عملی کس طرح کی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔