’ہیلتھ انشورنس کو جی ایس ٹی سے پاک کرنا ہی ہوگا‘، راہل گاندھی نے بی جے پی پر لگایا ’ٹیکس کا موقع‘ تلاش کرنے کا الزام

راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ہر آفت سے پہلے ’ٹیکس کا موقع‘ تلاش کرنا بی جے پی حکومت کی بے حسی پر مبنی سوچ کا ثبوت ہے۔

جی ایس ٹی، تصویر آئی اے این ایس
جی ایس ٹی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہیلتھ اور لائف انشورنس پر جی ایس ٹی ناقابل قبول ہے اور اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ اس کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ حکومت کو ان دونوں ہی انشورنس کو ٹیکس سے پاک کرنا ہی ہوگا۔

راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ہر آفت سے قبل ’ٹیکس کا موقع‘ تلاش کرنا بی جے پی حکومت کی بے حسی پر مبنی سوچ کا ثبوت ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس تعلق سے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’زندگی میں آنے والے صحت پر مشتمل بحران میں کسی کے آگے جھکنا نہ پڑے اس لیے پائی پائی جوڑ کر ہر سال ہیلتھ انشورنس کا پریمیم بھرنے والے کروڑوں عام ہندوستانیوں سے بھی مودی حکومت نے 24 ہزار کروڑ روپے وصول کر لیے ہیں۔ ہر آفت سے پہلے ’ٹیکس کا موقع‘ تلاش کرنا بی جے پی حکومت کی بے حس سوچ کا ثبوت ہے۔‘‘


راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’اپوزیشن اتحاد انڈیا اس موقع پرستانہ سوچ کی مخالفت کرتا ہے۔ ہیلتھ اور لائف انشورنس کو جی ایس ٹی سے پاک کرنا ہی ہوگا۔‘‘ اس معاملے میں انڈیا اتحاد کی شریک پارٹیوں نے بھی آواز اٹھائی ہے۔ اپوزیشن لیڈران نے ہیلتھ اور لائف انشورنس پریمیم پر نافذ 18 فیصد جی ایس ٹی کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔