مدھیہ پردیش میں انسانیت پھر شرمسار، قبائلی خاتون سے اجتماعی عصمت دری، نیم برہنہ متاثرہ نے بھاگ کر بچائی جان

پولیس کے مطابق خبر ملی کہ ایک خاتون نیم برہنہ حالت میں ہے جس کے ساتھ کسی نے عصمت دری کی تھی، جب معاملے کی جانچ کی گئی تو خبر میں سچائی پائی گئی، پھر فوری کارروائی کر ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر انسانیت کو شرمسار کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اجین ضلع کے نیل گنگا میں ٹوٹے ہوئے ریلوے کوارٹر میں 70 سالہ بزرگ کے ساتھ ہوئے زنا کے معاملے کو پولیس ابھی سلجھا بھی نہیں پائی ہے، اور وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع میں کام کی تلاش میں آئی ایک قبائلی خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس انسانیت سوز واقعہ میں شامل دو ملزمین نے کام دلانے کے بہانے خاتون کو اجین سے تقریباً 20 کلومیٹر دور تاجپور لے جا کر اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔

اس معاملے میں پنواسا تھانہ انچارج رویندر کٹارے کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تھانہ حلقہ میں ایک خاتون کے نیم برہنہ حالت میں گھومنے کی اطلاع ملی۔ پتہ چلا کہ اس خاتون کے ساتھ کسی نے عصمت دری کی ہے۔ جب تفتیش کی گئی تو یہ خبر صحیح پائی گئی اور اس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ جبل پور اور منڈلا باشندہ دو عاشق و معشوق گھر سے بھاگ گئے تھے۔ پہلے انھوں نے شادی کی، اور پھر اندور سے اجین پہنچ گئے۔ یہاں پر دونوں کام کی تلاش میں اندرا نگر علاقہ میں گھوم رہے تھے۔ تبھی انھیں روی نامی ایک نوجوان ملا جس نے دونوں کو کام دینے کا جھانسہ دے کر اپنی بائک پر بٹھایا اور تاجپور لے گیا۔ جوڑے کو لگا تھا کہ اب ان کی زندگی میں خوشیاں آ جائیں گی، لیکن روی نے انھیں دھوکہ دیا۔


بتایا جاتا ہے کہ روی نے اپنے ایک دوست عمران کو جھونپڑی کے پاس بلایا اور وہ خاتون کے شوہر کو ضرورت کا سامان دلانے کے لیے اجین لے آیا۔ وہاں خاتون کا شوہر کچھ سامان خریدتا، اس کے پہلے ہی بہانہ بنا کر روی اسے چھوڑ کر پھر تاج پور پہنچ گیا۔ یہاں عمران پہلے ہی خاتون کے ساتھ جھونپڑی عصمت دری کر چکا تھا۔ اس دوران خاتون ڈری اور گھبرائی ہوئی تھی، لیکن پھر روی نے اسے اپنی ہوس کا شکار بنایا۔ اجتماعی عصمت دری کے بعد خاتون کسی طرح ہمت کر کے نیم برہنہ حالت میں جھونپڑی سے گاؤں کی طرف بھاگنے لگی۔ تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر بھاگنے کے بعد اسے کچھ لوگ کھیت پر کام کرتے ہوئے نظر آئے۔ متاثرہ خاتون ان لوگوں کے پاس پہنچی، پھر لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ خبر ملنے پر پہنچی پولیس خاتون کو اپنے ساتھ تھانے لے آئی اور آگے کی کارروائی شروع ہوئی۔

پولیس کو جب خاتون نے پورا واقعہ سنایا تو تھانہ انچارج نے ملزمین کی تلاش شروع کر دی۔ تقریباً تین درجن سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالنے کے بعد ملزمین کی شناخت ہو پائی۔ پھر کافی مشقت کے بعد پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمین کو پکڑنے کے دوران حالات کچھ ایسے بنے کہ ملزمین بھاگتے بھاگتے زخمی ہو گئے، جنھیں علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔