امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی صدر کا بیٹا مجرم قرار، ہنٹر بائڈن کو ہو سکتی ہے جیل

امریکی صدر جو بائڈن نے حال ہی میں فرانس دورہ کے دوران میڈیا کے سوال پر کہا تھا کہ اگر ہنٹر قصوروار پایا جاتا ہے تو وہ انھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>جو بائڈن اور ہنٹر بائڈن، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

جو بائڈن اور ہنٹر بائڈن، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امریکہ میں صدارتی انتخاب قریب ہے، اور اس سے عین قبل صدر جو بائڈن مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ ’ڈرگ اینڈ گن‘ کیس میں امریکہ کے ڈیلاویئر کی ایک عدالت نے جو بائڈن کے بیٹے ہنٹر بائڈن کو قصوروار قرار دیا ہے۔ ان کی سزا کا اعلان 120 دنوں کے اندر ہو سکتا ہے۔ ہنٹر کو زیادہ سے زیادہ 25 سال قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر بائڈن نے حال ہی میں فرانس دورہ کے دوران میڈیا کے ذریعہ پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر ہنٹر ڈرگ اینڈ گَن ٹرائل میں قصوروار پایا جاتا ہے تو وہ اسے کبھی معاف نہیں کریں گے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ یہ امریکی تاریخ میں پہلی بار ہے جب کسی موجودہ صدر کے بیٹے کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔


دراصل ہنٹر بائڈن جس گن ٹرائل معاملہ میں قصوروار پائے گئے ہیں وہ 6 سال قدیم ہے۔ ہنٹر پر بندوق لائسنس لینے کی درخواست کے دوران اپنی ڈرگ کی عادت کو چھپانے کا الزام ہے۔ 2018 میں ہنٹر بائڈن نے کولٹ کوبرا ہینڈ گن خریدتے وقت افسران سے کچھ جانکاری چھپائی تھی۔ اس وقت وہ نشے کے عادی تھے اور یہ بات انھوں نے اپنی درخواست میں ظاہر نہیں کی تھی۔ امریکی قانون کے مطابق کسی بھی نشہ کے عادی انسان کو بندوق کا لائسنس نہیں دیا جا سکتا ہے۔

ہنٹر کو مجموعی طور پر تین معاملوں میں قصوروار پایا گیا ہے۔ ان میں 2 معاملوں میں 10-10 سال کی جیل اور ایک میں 5 سال کی جیل ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سزا کو کم یا زیادہ کرنا جج پر منحصر کرتا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی خبر کے مطابق جن اشخاص کا کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ہوتا ہے اور دھوکہ سے خریدے گئے اسلحہ کا استعمال کسی مجرمانہ سرگرمی میں نہیں ہوا ہوتا ہے تو اس کی سزا کم کر دی جاتی ہے۔ وال اسٹریٹ جیل کنسلٹنٹس کے ڈائریکٹر لیری لیون کا کہنا ہے کہ ہنٹر کو 36 مہینوں سے زیادہ کی سزا نہیں ہوگی، اور یہ سزا بھی ان کے جیل میں اچھے سلوک کی صورت میں نصف ہو جائے گی۔


بہرحال، اس کیس کی سماعت کے دوران ہنٹر کی سابق معشوقہ ہیلی نے ان کے خلاف گواہی دی ہے۔ بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ہیلی نے عدالت میں کہا کہ انھوں نے جب ہنٹر بائڈن کی کار کی تلاشی لی تب انھیں وہاں ایک بندوق ملی جسے دیکھ کر وہ ڈر گئی تھیں۔ ہیلی نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ انھوں نے کئی بار ہنٹر کو ڈرگ لیتے ہوئے پکڑا ہے۔ غلط طریقے سے اسلحہ رکھنے کے علاوہ ہنٹر بائڈن پر کیلیفورنیا میں فرضی ٹیکس فائل کرنے، اسلحوں سے متعلق معاملوں کو ختم کرانے کے لیے سودا کرنے کے بھی الزامات ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔