بہار میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا، کئی ندیوں کی آبی سطح میں اضافہ، کوسی اور گنڈک بھی خطرے کے نشان سے اوپر

کوسی، گنڈک، باگمتی، کملا بلان، بھوتہی بلان اور مہانند ندیاں کئی مقامات پر لال نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں، کملا بلان جئے نگر اور جھنجھارپور ریل پُل کے پاس خطرے کے نشان سے اوپر بہتی دکھائی دے رہی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>بہار میں سیلاب کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

بہار میں سیلاب کی فائل تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار میں کوسی، باگمتی، گنڈک جیسی اہم ندیاں خوفناک نظارہ پیش کر رہی ہیں۔ یہ ندیاں کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ ریاست کی اہم ندیوں کی آبی سطح میں اضافہ اور طغیانی بڑھنے سے کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ کئی ضلعوں میں نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل بھی ہو چکا ہے، جس سے بڑا علاقہ غرقاب ہو گیا ہے۔

ویرپور براج کے پاس بدھ کے روز کوسی ندی کی آبی سطح میں کمی آئی ہے۔ لیکن اس کے باوجود ریاست کی ندیاں خطرناک دکھائی دے رہی ہیں۔ ندیوں کی آبی سطح میں اضافہ کے ساتھ دربھنگہ، مدھوبنی، گوپال گنج، مغربی چمپارن، سارن کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔


محکمہ آبی وسائل سے ملی جانکاری کے مطابق ریاست کی اہم ندیوں کی آبی سطح میں نشیب و فراز دیکھا جا رہا ہے۔ حالانکہ کئی ندیاں مختلف مقامات پر خطرے کے نشان کو پار کر گئی ہیں۔ محکمہ آبی وسائل کے مطابق ویرپور براج میں کوسی ندی کا بہاؤ بدھ کے روز صبح 10 بجے 223805 کیوسک تھا، جبکہ دوپہر 2 بجے 203410 کیوسک درج کیا گیا۔ ایک دن قبل، یعنی منگل کی بات کریں تو دوپہر 2 بجے کوسی ندی میں پانی کا بہاؤ 183870 کیوسک تھا۔ اسی طرح والمیکی نگر براج میں گنڈک کا آبی بہاؤ بدھ کی صبح 10 بجے 163800 کیوسک تھا، جو دوپہر میں بڑھ کر 166600 کیوسک پہنچ گیا۔ دیگر ندیوں میں بھی آبی سطح بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔

گنڈک، کوسی، باگمتی، کملا بلان، بھوتہی بلان اور مہانندا کئی مقامات پر لال نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ کملا بلان ندی جئے نگر اور جھنجھارپور ریل پُل کے پاس خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ باگمتی ندی بینی آباد میں خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ مہانندا ندی ڈھینگرا گھاٹ کے پاس لال نشان کو پار کر گئی ہے۔ کوسی بلتارا میں اور گنڈک ڈمریا گھاٹ میں خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔


اہم اور بڑی ندیوں کی آبی سطح میں ہو رہے اضافہ کے بعد کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے اندر کوسی، مہانندا، باگمتی اور گنڈک ندیوں کے آبی بہاؤ والے علاقوں میں عام سے درمیانہ درجہ تک، سون کے آبی بہاؤ والے علاقوں میں ہلکی سے عام درجہ تک اور پن پن، کنہر و اوپری سون ندیوں کے آبی بہاؤ والے علاقوں میں ہلکی بارش ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔