روزہ کی حالت میں بھی لگوا سکتے ہیں کورونا کا ٹیکہ، فتویٰ جاری
ہندوستان میں جاری کورونا وائرس کے قہر کو روکنے کے لیے ٹیکہ کاری مہم تیز کر دی گئی ہے، لیکن اسی درمیان رمضان کا پاکیزہ مہینہ بھی شروع ہو رہا ہےجس کو لے کر مسلم طبقہ کے ذہن میں کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔
پورے ملک میں کورونا وائرس کی زبردست لہر کو روکنے کے لیے ملک بھر میں ٹیکہ کاری مہم تیز کر دی گئی ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس درمیان رمضان کا مہینہ شروع ہو گیا ہے اور مسلم طبقہ 14 اپریل سے روزہ رکھے گا۔ ایسے میں طبقہ کے ایک طبقہ میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا روزے کی حالت میں کورونا کا ٹیکہ لگوایا جا سکتا ہے؟
اس اہم سوال پر علماء نے شریعت کو پیش نظر رکھتے ہوئے فتویٰ جاری کر کے صاف کر دیا ہے کہ روزے کی حالت میں بھی کورونا ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔ اس ٹیکہ کاری میں کوئی حرج نہیں ہے اور اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے۔ لکھنؤ واقع دارالعلوم فرنگی محل کی جانب سے جاری فتوے میں کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین انسان کی رگوں میں جاتا ہے نہ کہ پیٹ میں۔ ایسے میں ویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ ساتھ ہی فرنگی محل نے کہا کہ مسلمانوں کو روزے کی وجہ سے کورونا ٹیکہ لگوانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
دراصل مدھیہ پردیش کے بھوپال باشندہ عبدالرشید قدوائی نے سوال کیا تھا کہ انھوں نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے حال میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے۔ دوسری خوراک کے لیے جو وقت دیا گیا ہے وہ رمضان کے مہینے میں پڑ رہا ہے۔ ایسے میں وہ جاننا چاہتے تھے کہ کیا روزے کی حالت میں کورونا ویکسین کی خوراک لی جا سکتی ہے۔ اسی سوال کا جواب دیتے ہوئے دارالعلوم فرنگی محل کے اسلامی سنٹر آف انڈیا کی جانب سے فتویٰ جاری کیا گیا ہے۔ اس میں صاف طور پر کہا گیا ہے کہ روزے کی حالت میں کورونا ویکسین لینے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ اس لیے بے فکر ہو کر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ویکسین ضرور لگوائیں۔ اس فتوے پراسلامک سنٹر آف انڈیا کے سربراہ مولانا خالد رشید سمیت کئی علماء نے دستخط کیے ہیں۔
اس کے علاوہ فتویٰ آن لائن کے چیئرمین مولانا مفتی ارشد فاروقی نے بھی کہا کہ دوسرے انجیکشنوں کی طرح کورونا ویکسین بھی ایک انجیکشن ہے، اس لیے روزہ رکھ کر اسے لگوایا جا سکتا ہے اور اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ انھوں نے صاف طور پر کہا کہ کوئی ایسی دوا جو بھوک مٹانے میں استعمال ہوتی ہو، تو اس کا انجیکشن روزے کی حالت میں نہیں لگوایا جا سکتا، لیکن کورونا کا ٹیکہ لگوایا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں جامعہ شیخ الہند کے مہتمم مولانا مفتی اسد قاسمی کا بھی کہنا ہے کہ کورونا ویکسین سے روزہ ٹوٹنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔