مسلم عوام رمضان میں گھر پر ہی عبادت و ریاضت کریں: یوگی آدتیہ ناتھ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر عوام گھر میں ہی رہ کر عبادت و ریاضت کریں۔
لکھنؤ: اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ماہ مقدس رمضان کے موقع پر ریاست کے باشندوں کو دلی مبارکباد دی اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان کے پاکیزہ ایام میں روزہ، انسانیت کی خدمت، مالک کی بندگی جیسے نیک کاموں سے سیلف ڈسپلن، سنجیدگی، سادگی وغیرہ کو فروغ ملتا ہے۔ اس سے آپسی پیار اور بھائی چارے کا جذبہ عام ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اترپردیش ہم آہنگی، بھائی چارے اور ثقافتی اتحاد کی مثال ہے۔ اسی وراثت اور روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام رمضان کے دوران گھر میں ہی رہ کر عبادت و ریاضت کریں۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں بدھ یعنی 14 اپریل کو پہلا روزہ ہوگا اور اتر پردیش کی یوگی حکومت نے مسجد میں پانچ لوگوں سے زیادہ لوگوں کی جماعت بنانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ گویا کہ اس بار بھی رمضان میں مسلمانوں کو پنج وقتہ نمازوں کے ساتھ ساتھ نمازِ تراویح میں بھی مسجد کا روح پرور ماحول نہیں مل پائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔