بی جے پی رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب لوک سبھا کے پروٹیم اسپیکر مقرر، کانگریس کا احتجاج

جے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کے کوڈی کنل سریش 8 مرتبہ رکن پارلیمنٹ کی مدت پوری کر چکے ہیں لیکن بھرتری ہری مہتاب کو پروٹیم اسپیکر مقرر کر دیا گیا، جو محض 7 بار رکن پارلیمنٹ رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>بھرتری ہری مہتاب / آئی اے این ایس</p></div>

بھرتری ہری مہتاب / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب کو اٹھارویں لوک سبھا کے اسپیکر کے انتخاب تک اسپیکر کے فرائض انجام دینے کے لیے پروٹیم اسپیکر مقرر کیا ہے۔ مہتاب نے اوڈیشہ کے کٹک سے جیت درج کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات 2024 میں انہوں نے بی جے ڈی کے سنت روپ کو ہرایا ہے۔ بھرتری ہری انتخابات سے قبل ہی بی جے ڈی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ صدرجمہوریہ نے نو منتخب لوک سبھا ممبران سریش کوڈی کنل، تھالی کوٹائی راجوتیور بالو، رادھا موہن سنگھ، فگن سنگھ کلستے اور سدیپ بندیوپادھیائے کو حلف دلانے میں پروٹیم اسپیکر کی مدد کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔

کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بی جے پی ایم پی بھرتری ہری مہتاب کی پروٹیم اسپیکر کے طور پر تقرری پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ روایت کے مطابق سب سے زیادہ مدت پوری کرنے والے رکن پارلیمنٹ کو پہلے 2 دن کے لیے پروٹیم اسپیکر کے طور پر مقرر کیا جاتا ہے، جب تمام نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں لوک سبھا میں سب سے سینئر ممبران پارلیمنٹ کوڈی کنل سریش (کانگریس) اور وریندر کمار (بی جے پی) ہیں، جو اب اپنی 8ویں میعاد پوری کر رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ مؤخر الذکر اب مرکزی وزیر ہیں اور اس لیے توقع کی جا رہی تھی کہ کوڈی کنل سریش پروٹیم اسپیکر ہوں گے۔ اس کے بجائے، بھرتری ہری مہتاب، جو 7 بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں، کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ 6 بار بی جے ڈی ایم پی رہے اور اب بی جے پی کے ایم پی ہیں۔

پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے جمعرات کی رات دیر گئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ صدر جمہوریہ نے لوک سبھا کے رکن بھرتری ہری مہتاب کو لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب تک اسپیکر کے فرائض انجام دینے کے لئے آئین کے آرٹیکل 95(1) کے تحت پرو ٹیم اسپیکر مقرر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر نے آئین کے آرٹیکل 99 کے تحت سریش کوڈی کنل، تھلک کوٹائی راجوتیور بالو، رادھا موہن سنگھ، فگن سنگھ کلستے اور سدیپ بندیوپادھیائے کو نو منتخب امیدواروں کو حلف دلانے میں پرو ٹیم اسپیکر کی مدد کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔

واضح ر ہے کہ لوک سبھا کا اجلاس پیر سے شروع ہوگا۔ نومنتخب ارکان پہلے دو روز تک حلف لیں گے۔ اگلے دن 26 جون کو لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور 27 جون کو صدر جمہوریہ کا خطاب ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔